Dawn News Television

شائع 30 نومبر 2018 01:20pm

بولی وڈ ہیرو کی اہلیہ کا کینسر بڑھ گیا

بولی وڈ کے ہیرو آیوشمن کھرانہ جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’بدھائی ہو‘ نے خوب پیسے بٹورے ان کی اہلیہ طاہرہ کشیپ نے رواں برس ستمبر میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بریسٹ کینسر لاحق ہوا ہے۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے 35 سالہ لکھاری طاہرہ کشیپ نے بتایا تھا کہ انہیں کینسر سے ان کا دایاں ‘بریسٹ’ متاثر ہوا ہے اور انہوں نے ‘میسٹیکٹمی’ کروائی ہے۔

طاہرہ کشیپ نے بتایا تھا کہ ان میں ‘ڈکٹل کارنوما انسیٹو’ (ڈی سی آئی ایس) نامی وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کا آدھا بھارتی ورژن ہیں۔

خیال رہے کہ ‘میسٹیکٹمی’ میں بریسٹ کو ہٹادیا جاتا ہے یا پھر انہیں مختصر کرکے کینسر کو مزید پھیلنے سے روکا جاتا ہے۔

طاہرہ کشیپ نے ستمبر میں اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں انہیں دوران علاج دیکھا جاسکتا تھا۔

اگرچہ انہوں نے بریسٹ کینسر کے لیے سرجری بھی کرائی اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کا کینسر ختم ہوجائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

طاہرہ کشیپ نے اب 2 ماہ بعد بتایا ہے کہ ان میں کینسر کے پہلے اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے علاج کے لیے ان کی 12 کیموتھراپیاں ہونی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طاہرہ کشیپ بریسٹ کینسر کا شکار

طاہرہ کشیپ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی 12 کیموتھراپیاں ہونے ہیں، جن میں سے 6 کیموتھراپیاں مکمل ہوچکی ہیں، تاہم نصف کیمو تھراپیاں باقی ہیں۔

طاہرہ کشیپ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کینسر کے خلاف آدھی جنگ جیت لی اور انہیں امید ہے کہ وہ اس جنگ میں مکمل طور پر کامیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ 12 کیموتھراپیاں مکمل ہونے کے بعد وہ اپنے نئے مگر بہتر ورژن کے ساتھ سامنے آئیں گی۔

طاہرہ کشیپ نے علاج کے دوران اخلاقی مدد فراہم کرنے پر شوہر سمیت اپنی دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

طاہرہ کشیپ نے 2011 میں آیوشمن کھرانہ سے شادی کی تھی، اس سے قبل وہ کئی سال سے ایک دوسرے سے ملتے آ رہے تھے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر کا شکار

طاہرہ اور آیوشمن کھرانہ کو 2 بچے بھی ہیں، طاہرہ نے ایک کتاب بھی لکھی ہے، جب کہ انہوں نے ایک شارٹ فلم ‘ٹافی’ کو بھی بنایا ہے۔

اگرچہ طاہرہ کشیپ کے علاوہ بھی رواں برس بولی وڈ کے دیگر افراد کینسر کا شکار ہوئے تھے اور ان کا علاج تاحال جاری ہے، تاہم انہوں نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کینسر کے خلاف کتنی کامیابی حاصل کی ہے۔

رواں برس مارچ میں بولی وڈ اداکار عرفان خان کو بھی نیورو اینڈو کرائن ٹیومر نامی کینسر لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔

اگرچہ اطلاعات ہیں کہ ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، تاہم خود انہوں نے اس حوالے سے مداحوں کو کچھ نہیں بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ کی ایک اور معروف اداکارہ کینسر کا شکار

اسی طرح اداکارہ سونالی باندرے نے بھی رواں برس انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی کینسر لاحق ہوگیا ہے۔

عرفان خان لندن میں زیر علاج ہیں—فائل فوٹوتیلگو 360

سونالی باندرے بھی علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے، تاہم انہوں نے بھی مداحوں کو آگاہ نہیں کیا کہ ان کا کینسر اب کس اسٹیج پر ہے۔

مزید پڑھیں: عرفان خان میں کینسر کی تشخیص ہوگئی

رواں ماہ 19 نومبر کو اداکارہ نفیسہ علی نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی کینسر لاحق ہوگیا ہے اور ان کا علاج ہوگا۔

سونالی باندرے امریکا میں زیر علاج ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

علاوہ ازیں اداکار رشی کپور بھی بیماری کے باعث امریکا منتقل ہوگئے ہیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے، تاہم انہوں نے اپنی بیماری کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ نہیں کیا کہ انہیں کیا بیماری لاحق ہوئی ہے۔

خبریں ہیں کہ رشی کپور کو بھی کینسر لاحق ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے اداکار اور اس کے اہل خانہ نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

Read Comments