Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2018 03:48pm

شادی کے بعد اجے دیوگن کے روپ میں رنویر سنگھ

بولی وڈ میں پولیس پر مبنی کئی فلمیں سامنے آچکی ہیں، جن میں ’دبنگ‘ سیریز، ’سنگھم‘ سیریز شامل ہے اور اب فلم ’سمبا‘ بھی اس کا حصہ بننے جارہی ہے۔

فلم ’سمبا‘ کا پہلا ٹریلر آج ریلیز کردیا گیا، جس میں رنویر سنگھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

اس فلم میں نئی اداکارہ سارہ علی خان بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’میرا سمبا میری میناما سے شادی کررہا ہے‘

فلم ’سمبا‘ کے ٹریلر کا آغاز کامیاب فلم ’سنگھم‘ کے مرکزی کردار اجے دیوگن سے ہوتا ہے، جو فلم میں رنویر سنگھ کے کردار سمبا کو متعارف کراتے نظر آئے۔

2 منٹ 54 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹریلر میں دکھایا گیا کہ رنویر سنگھ پیسے کمانے کی خاطر پولیس میں بھرتی ہوتے ہیں، تاہم ان کی قریبی دوست کے ساتھ ہوئے ریپ اور اس کے قتل کے بعد وہ قاتلوں سے بدلہ لیتے نظر آتے ہیں جو سونو سود خاص لوگ ہیں جن کے لیے رنویر سنگھ خود بھی کام کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں بڑھتے ریپ کے واقعات کی وجہ سے ہدایت کار نے فلم میں اس مسئلے کو ہائی لائٹ کیا ہے۔

اس فلم کی ہدایات روہت شیٹھی نے دی ہے، جن کے مطابق یہ ان کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ علی خان رنویر سنگھ کی فلم میں کاسٹ

یاد رہے کہ رنویر سنگھ نے بھی امید ظاہر کی تھی کہ ان کی فلم سمبا باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوگی۔

فلم کے پہلے ٹریلر لانچ کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی، جہاں فلم کی کاسٹ، ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر شریک ہوئے۔

ایونٹ کے دوران رپورٹرز نے رنویر سنگھ سے ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی سوال کیے، جبکہ ان کے حال ہی میں اپنی اہلیہ دپیکا پڈوکون کے حوالے سے دیے ایک انٹرویو سے بھی سوالات کیے۔

فلم ’سمبا‘ رواں سال 28 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Read Comments