Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2018 05:49pm

پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے نادہندگان کی فہرست جاری

حکومتِ پنجاب نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے نادہندگان کی مکمل فہرست جاری کردی جس کے مطابق کئی سیاست دانوں پر لاکھوں روپے واجب الادا ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جو فہرست جاری کی گئی ہے اس کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 76 رہنماؤں اور سرکاری افسران پر 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔

حکومت پنجاب نے متعلقہ اداروں کو لیگی رہنماؤں کو نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت چوہدری نثار کی واپسی کی خواہاں

ڈان نیوز کو موصول ہونے والے دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر پرویز رشید پر پنجاب ہاؤس استعمال کرنے پر 69 لاکھ روپے اور پونم رشید کی جانب 26 لاکھ 56 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

اسی طرح مصطفیٰ رمدے 39 لاکھ 52ہزار، معظم علی 29 لاکھ روپے، نیبل اعوان کی جانب 25 لاکھ 97ہزار، چوہدری کبیر پر 22 لاکھ 56 ہزار، خرم رشید پر 22 لاکھ، غفار جلیل پر 12 لاکھ 64 ہزار روپے اور مجاہد شیر دل پر 12 لاکھ 87 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی جانب پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے 6 لاکھ سے زائد روپے جبکہ ملک ذوالفقار 2 لاکھ 87 ہزار ، عامر غازی 2 لاکھ 70، اسلم بٹ ایک لاکھ 90 ہزار، علی کامل ایک لاکھ اور عالمگیر خان 84 ہزار 2 سو روپے کے نادہندہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن میں نظریاتی فرق ہے بھی یا نہیں؟

یاد رہے کہ سینیٹرآصف کرمانی پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے 64 لاکھ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں جس کا حکومت پہلے ہی اعلان کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ انوشے رحمٰن اور زبیرگل پر بھی لاکھوں روپے کے واجبات ہیں جن کا حکومت پنجاب پہلے ہی اعلان کرچکی ہے۔

علاوہ ازیں حکومتِ پنجاب نے دیگر صوبوں میں قائم پنجاب ہاؤسز کے ڈیفالٹرز کی بھی لسٹ طلب کرلی۔

Read Comments