آنٹی بولنے پر سمرتی ایرانی کا جھانوی کپور کو کرارا جواب
اگرچہ خود سے بڑی عمر کے شخص کو آنٹی یا انکل کہنا بری بات نہیں، تاہم کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو نوجوانوں کی جانب سے ایسا کہنے پر ناراض ہوجاتے ہیں۔
بھارتی کی سابق اداکارہ، ماڈل اور حالیہ رکن پارلیمنٹ اور وزیر ٹیکسٹائل سمرتی ایرانی بھی ایسے ہی افراد میں شامل ہیں جو نوجوانوں کی جانب سے آنٹی کہے جانے کو اچھا نہیں سمجھتیں۔
42 سالہ سمرتی ایرانی ماضی میں چند مقبول بھارتی ڈراموں میں کام کرنے کے علاوہ ماڈلنگ میں نام کما چکی ہیں اور وہ اب بھی رکن پارلیمنٹ اور وزیر بن جانے کے باوجود بھی شوبز تقریبات میں نظر آتی ہیں۔
سمرتی ایرانی جہاں شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی ہیں وہ سوشل میڈیا پر بھی اداکاروں کے ساتھ کھینچی گئیں اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی 21 سالہ جھانوی کپور کے ساتھ بھی اپنی ایک تصویر شیئر کی اور بتایا کہ انہیں جھانوی کپور نے آنٹی کہا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ ٹی وی و اداکاری کی وجہ سے ہی سیاست میں ہوں‘
سمرتی ایرانی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ جھانوی کپور نے انہیں آنٹی بلانے پر معافی مانگی۔
سمرتی ایرانی کا کہنا تھا کہ تقریب کے دوران جھانوی کپور مسلسل انہیں آنٹی کہ کر بلاتی رہیں اور پھر آخر میں معزرت بھی کی۔
سابق اداکارہ کے مطابق وہ جھانوی کپور کی جانب سے آنٹی بلانے پر خفا نہیں ہوئیں اور ان کی جانب سے معافی مانگے جانے پر انہوں نے جھانوی کو کہا کہ ’کوئی بات نہیں بیٹا‘۔
ساتھ ہی انہوں نے مذاق میں لکھا کہ ’آج کل کے بچے بھی ٹوٹل سیاپہ ہیں‘۔
سمرتی ایرانی نے اپنی پوسٹ میں ’آنٹی کس کو بولا اور ٹوٹل سیاپہ‘ جیسے ہیش ٹیگز کا استعمال بھی کیا۔
خیال رہے کہ جھانوی کپور اور سمرتی ایرانی کی عمر میں 21 سال کا فرق ہے۔
مزید پڑھیں: سمرتی ایرانی کی جعلی ڈگری: درخواست سماعت کے لیے منظور
جھانوی کپور فلم ساز بونی کپور اور آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی ہیں، جن کی رواں برس پہلی فلم ’دھڑک‘ ریلیز ہوئی تھی۔
سمرتی ایرانی سیاست میں آنے سے قبل ٹی وی کی معروف اداکارہ رہی ہیں، انہوں نے مشہور ڈرامہ ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ سمیت کم سے کم 15 ٹی وی ڈراموں، تین فلموں اور متعدد تھیٹرز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
انہوں نے اداکاری کی شروعات 2000 سے کی، تاہم انہیں شہرت 2007 سے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ میں کام کرنے کی وجہ سے ملی۔
انہیں اداکاری کے باعث متعدد ٹی وی ایوارڈز بھی دیے گئے، وہ ماضی میں مس انڈیا کے مقابلوں میں بھی شریک رہیں۔
سمرتی ایرانی اس وقت بھارتی ریاست گجرات سے راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ ہیں، وہ ہندوستان کی وزیر ٹیکسٹائل ہیں، اس سے قبل انہیں اطلاعات اور تعلیم کی وزارات بھی سونپی گئی تھی۔