کھیل

‘ایشیا کپ، ورلڈ کپ کوالیفیکیشن کا آخری موقع ہے’

کوشش ہوگی کہ ٹیم کی تمام توانائیوں اور صلاحیتوں کو کام میں لاکر اسے ٹاپ لیول تک لے جاؤں، پاکستان ہاکی ٹیم کے نئے کوچ طاہر زمان۔

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے نئے کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ لمبا عرصہ تک کام کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں بلکہ ان کا مقصد قومی ہاکی ٹیم کی ایشیا کپ کے لئے کوالیفائی کرنے میں پروفیشنل طریقہ سے مدد کرنا ہے ۔

کوچ بننے کے بعد اے پی پی کو دیئے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں طاہر زمان نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ ٹیم کی تمام توانائیوں اور صلاحیتوں کو کام میں لاکر اسے ٹاپ لیول تک لے جاؤں ۔

طاہر زمان جو کہ ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ بھی ہیں نے کہا کہ انہوں نے ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری قومی فریضہ اور چیلنج کے طور پر قبول کی ہے اور ایشیا کپ کے دوران سامنے آنے والے نتائج کی ذمہ داری وہ کسی اور پر نہیں ڈالیں گے۔

پاکستان کی ٹیم 24 اگست سے ایپو ملائشیا میں ہونے والے ایشیا کپ میں حصہ لے گی اور قومی ہاکی ٹیم کا اگلے سال ہالینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کا آخر ی چانس ہوگا۔

پاکستان کی ٹیم نے حال ہی میں ہونے والے ورلڈ ہاکی لیگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی آٹھ ٹیموں میں ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

طاہر زمان کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کی ساتویں پوزیشن کسی بھی کوچ کے لئے آئیڈیل پوزیشن نہیں ہوگی لیکن اگر ورلڈ کپ ٹاپ ہاکی کوچ کی بھی خدمات حاصل کی جاتی تو بھی تین ہفتے میں وہ قومی ٹیم کی قسمت کو نہ بدل سکتا۔

انہوں نے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ قومی ٹیم کے پنلٹی کارنر، ڈیفنس کے شعبہ پر کام کرکے اسے مضبوط بناؤں اور ٹیم کے بہترین کمبی نیشن کی تشکیل میں مدد دوں جس کے بعد ہم اپنی ٹیم سے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کی امید کرسکتے ہیں۔

پست حوصلہ کی شکار قومی ہاکی ٹیم کو ایک پر اعتماد کمبی نیشن میں تبدیل کرنے کے بارے میں طاہر زمان پر اعتما د نذر آئے اور انہوں نے کہاکہ ٹیم کو متحد کرکے پستی سے بلندی تک لے جانا میری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کا آئیڈیل موقع ورلڈ ہاکی لیگ میں کھو دیا ہے اور اب ٹیم کے پاس ایشیا کپ کو جیت کر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کا آخری چانس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میرا کھلاڑیوں پر بھروسہ ختم نہیں ہوا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی غلطیوں پر قابو پالیں گے اور پوری طاقت اور انرجی کے ساتھ ٹیم کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ساؤتھ کوریا اور ملیشیا جنہوں نے پاکستان کو ہاکی لیگ میں شکست دی وہ روایتی حریف ہندوستان کے ساتھ ساتھ بڑا خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ماضی کو بھول کر ایشیا کپ کے ہر میچ پر فوکس کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ ہیڈ کوچ اختر رسول کی ٹورنامنٹ میں موجودگی ان کے لئے ایک ایڈوانٹج ہوگا اور وہ اسکی قابل گائڈ لائن کے اندر کام کریں گے ۔