Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2019 09:08pm

رشی کپور کی بیماری سے متعلق ان کے بھائی کا اہم انکشاف

گزشتہ برس اکتوبر میں بولی وڈ اداکار رشی کپور نے خود ٹوئیٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں اور وہ علاج کے لیے چھٹیوں پر امریکا جا رہے ہیں۔

رشی کپور نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں کیا مرض لاحق ہے، تاہم ان کی ٹوئیٹ کے بعد یہ خبریں وائرل ہوگئیں کہ انہیں بھی کینسر لاحق ہوگیا۔

رشی کپور اکتوبر 2018 میں ہی علاج کے لیے امریکا چلے گئے تھے اور اپنی والدہ کرشنا کپور کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے، ان کی والدہ بھی اکتوبر میں چل بسی تھیں۔

امریکا میں دوران علاج رشی کپور کو مختلف اداکاروں سے ملاقاتیں کرتے اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف دیکھا گیا، تاہم انہوں نے کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ انہیں کون سا مرض لاحق ہوگیا۔

اگرچہ رشی کپور کے بھائی اداکار رندھیر کپور نے پہلے انہیں کینسر ہونے کی خبروں کی تردید کی تھی، تاہم رواں برس یکم جنوری کو رشی کپور کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر ایک اہم پوسٹ کی۔

رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے یکم جنوری کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کینسر کا ذکر کیا، جس کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں کہ رنبیر کپور کے والد کو کینسر کی تشخیص ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور بھی کینسر کا شکار؟

نیتو کپور کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں رشی کپور کو اپنے بیٹے رنبیر کپور، بیٹھی رادھما کپور اور ان کے شوہر، اہلیہ اور ممکنہ طور پر ہونے والی بہو عالیہ بھٹ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

نیتو کپور کی جانب سے اپنی پوسٹ میں کینسر کا ذکر کیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ رشی کپور کو کینسر کی تشخیص ہوگئی، تاہم ان کے اہل خانہ نےاس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

تاہم اب رشی کپور کے بھائی رندھیر کپور نے ان کی بیماری سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق نیتو کپور کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں کینسر کا ذکر کیے جانے کی وجہ سے چہ مگوئیاں تھیں کہ رشی کپور کو کینسر کی تشخیص ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق رشی کپور کی صحت سے متعلق تصدیق کرنے کے لیے جب رندھیر کپور سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واضح طور پر جواب دینے کے بجائے گھما پھرا کر باتیں کی۔

رندھیر کپور نے رشی کپور کو کینسر ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی، بلکہ کہا کہ تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

رندھیر کپور نے ایک بار پھر لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ لوگوں کے من میں جو آتا ہے وہ کہ دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: رشی کپور کو کینسر کی تشخیص؟

رندھیر کپور کا کہنا تھا کہ تصویر سے ہی پتہ چل رہا ہے کہ رشی کپور کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

رشی کپور اکتوبر 2018 سے امریکا میں زیر علاج ہیں—فوٹو: نیتو سنگھ انسٹاگرام

ساتھ ہی رندھیر کپور نے دعویٰ کیا کہ رشی کپور جلد ہی صحت یاب ہوکر بھارت لوٹیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بولی وڈ اداکار عرفان خان کو بھی نیورو اینڈو کرائن ٹیومر نامی کینسر لاحق ہوگیا تھا، جن کا علاج لندن میں ہوا اور اب اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

اسی طرح اداکارہ سونالی باندرے کو بھی کینس ہوگیا تھا اور انہوں نے بھی امریکا سے علاج کروایا۔

بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ فلم لکھاری طاہرہ کشیپ کو بھی بریسٹ کینسر لاحق ہوگیا تھا اور انہوں نے سرجری کرائی تھی۔

ماضی کی مقبول اداکارہ نفیسہ علی نے بھی گزشتہ برس کے آخر میں سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا۔

اہلیہ نیتو کپور ان کے ساتھ امریکا میں مقیم ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

Read Comments