لائف اسٹائل

فلم ناکام ہونے پرہدایت کار کا بولی وڈ میں عریاں مناظر سے متعلق انکشاف

گووندا کی فلم رنگیلا راجا کو ناکام کرنے میں انڈسٹری کا ہاتھ ہے، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ہم آگے آئیں، فلم پروڈیوسر

بولی وڈ کے ماضی کے مقبول ہیروں میں شمار ہونے گووندا کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’رنگیلا راجا‘ پر اگرچہ کئی ماہ سے تنازع جاری تھا، تاہم فلم کو گزشتہ ہفتے جاری کردیا گیا تھا۔

رنگیلا راجا کے کچھ مناظر پر بھارت کے فلم سینسر بورڈ کو اعتراض تھا اور اس نے فلم کی ٹیم کو یہ مناظر ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔

فلم سینسر بورڈ کی جانب سے ایسی ہدایت موصول ہونے کے بعد گووندا نے فلم سینسر بورڈ اور بولی وڈ کے دیگر بااثر افراد پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان کی فلم کو جان بوجھ کر روک رہے ہیں۔

گووندا نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی فلم میں کوئی بھی عریاں منظر نہیں، تاہم فلم بورڈ خوامخواہ انہیں کچھ مناظر کاٹنے کے لیے کہ رہا ہے۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے پروڈیوسر فلم سینسر بورڈ کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی ہے، جنہوں نے بھی فلم سینسر بورڈ پر الزامات عائد کیے تھے۔

سینسر بورڈ نے فلم سے 20 مناظر نکالنے کی ہدایت کی تھی—اسکرین شاٹ

تاہم چند ہفتوں تک فلم سینسر بورڈ رنگیلا راجا کی ٹیم کے درمیان اختلافات رہنے کے بعد رواں ماہ 18 جنوری کو فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

فلم کو 18 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا تھا، تاہم فلم بری طرح ناکام ہوگئی۔

خبر رساں ادارے ’دی نیوز ریکارڈر‘ کے مطابق ’رنگیلا راجا‘ نے ابتدائی 3 دن میں محض 30 لاکھ روپے ہی بٹورے۔

یعنی فلم نے یومیہ محض 10 لاکھ روپے ہی کمائے اور یہ گزشتہ 6 ماہ میں کسی بھی بولی وڈ فلم کی سب سے کم کمائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گووندا کا فلم سینسر بورڈ پر اپنی فلم رنگیلا راجا کو روکنے کا الزام

پہلے تو فلم کو نمائش کی اجازت نہ دیے جانے اور بعد میں فلم کی ناکامی کے بعد فلم کے پروڈیوسر پہلاج نہلانی نے رنگیلا راجا کی ناکامی کا ذمہ دار بولی وڈ انڈسٹری کو دے دیا۔

فلم میں کوئی بھی قابل اعتراض منظر نہیں—فلم کی ٹیم کا دعویٰ

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق رنگیلا راجا کے پروڈیوسر نے فلم کی کم کمائی پر بات کرنے کے بجائے کہا کہ بولی وڈ میں کچھ افراد نہیں چاہتے کہ وہ اور گووندا آگے آئیں۔

پہلاج نہلانی نے مزید کہا کہ بولی وڈ انڈسٹری عریاں مناظر کو ترجیح دیتی ہے۔

فلم پروڈیوسر نے کہا کہ ان کی فلم کی ناکامی کی وجہ سے بولی وڈ کے عریاں اور گلیمرس مناظر ہیں۔

پہلاج نہلانی نے گووندا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اداکار کے ساتھ کام کیا ہے اور انہیں خوشی ہیں کہ ان کی فلمیں ہمیشہ کامیاب گئیں۔

فلم بری طرح ناکام گئی—اسکرین شاٹ

پہلاج نہلانی نے امید ظاہر کی کہ اگرچہ ان کی فلم نے کم کمائی کی ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ شائقین ان کے اور گووندا کے کام کو سراہیں گے۔

خیال رہے کہ رنگیلا راجا میں گووندا ڈبل کرداروں میں نظر آئے ہیں، ان کے ساتھ اس فلم میں شکتی کپور اور راج پال یادیو سمیت دیگر سینیئر اداکاروں نے بھی جوہر دکھائے۔

اس فلم میں ہیروئن کا کردار مشیکا چوراسیا نے ادا کیا، جن کی یہ پہلی فلم تھی۔