Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2019 01:58pm

سردی میں نزلہ اور زکام سے بچنے کیلئے کھجور کا دودھ

جیسے جیسے دن گزر رہے ہیں سردی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اس ٹھنڈے موسم میں ہر کوئی کھانسی، نزلہ و زکام جیسی بیماریوں سے پریشان ہے۔

سردی میں ہمیں اس لیے زیادہ انفیکشنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ ہماری ڈائیٹ اس موسم کے حساب سے شاید غذائیت سے بھرپور نہیں۔

مزید پڑھیں: کھجور کھانے کے یہ فوائد جانتے ہیں؟

متعدد ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ اس موسم میں اپنی ڈائیٹ میں کھجور شامل کرنا مثبت ثابت ہوتا ہے۔

لیکن صرف میٹھے پکوان میں کھجور کا استعمال کرنے کے بجائے اسے دوسرے طریقوں سے بھی کھانا سیکھیں۔

کھجور غذائیت سے بھرپور ہے، جس کے صحت پر کئی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، پھر چاہے نظام ہاضمہ کے مسائل ہوں، دل کی صحت یا پھر ذیابطیس کا مسئلہ۔

یہ بھی پڑھیں: کھجور کھانے کے 7 طبی فوائد

اور کیا آپ جانتے ہیں کہ کھجور اس موسم میں سردی، نزلہ زکام جیسی بیماریوں میں بھی مؤثر ہے؟

کھجور میں وٹامن سی، بی ون، بی ٹو، بی تھری، بی فائیو اور اے ون جیسے وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔

وٹامن سی ہمارے جسم کو متعدد انفیکشنز سے محفوظ رکھ سکتا ہے جن میں نزلہ زکام جیسی بیماریاں شامل ہیں۔

کھجور کا دودھ ایسی بیماریوں سے نجات کا سب سے بڑا حل بھی ثابت ہوسکتا ہے، کیوں کہ اس میں وٹامنز کے ساتھ فائبر بھی موجود ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: گرم موسم میں کھجور کھانا نقصان دہ تو نہیں؟

کھجور کا دودھ گھر پر کیسے بنائیں؟ یہاں پڑھیں:

اجزاء:

دودھ - 2 کپ

کھجور - کٹے ہوئے آدھا کپ

بادام - ڈیڑھ کھانے کا چمچ

دار چینی پاؤڈر - آدھا چائے کا چمچ

چینی - حسب ذائقہ

ترکیب:

کھجور کو 40 منٹ کے لیے آدھا کپ دودھ میں رکھیں، بعدازاں ان کھجور اور دودھ کو بلینڈر میں ڈالیں، جس کے ساتھ بادام بھی شامل کریں۔

اچھی طرح پیس لینے کے بعد اسے الگ رکھ دیں، ایک پتیلی میں رکھا ہوا دودھ ابالیں، جس کے بعد اس میں بلینڈ کیے کھجور شامل کریں، دار چینی پاؤڈر اور چینی ڈال کر 5 منٹ تک اچھی طرح پکائیں۔

کھجور کے دودھ کو گرم گرم پیئے تاکہ کھانسی میں واضح فرق محسوس ہو۔

Read Comments