ڈبلیو ڈبلیو ای کی مقبول ترین اسٹار ریسلنگ چھوڑنے کے لیے تیار؟
گزشتہ سال اکتوبر میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر رومن رینز کو خون کے سرطان کے باعث ریسلنگ کی دنیا سے دور ہونا پڑا اور ان کی واپسی کے بارے میں فی الحال کچھ بھی کہنا مشکل ہے اور اب لگتا ہے کہ اس کمپنی کی سب سے بڑی اسٹار بھی الوداع کہنے کے لیے تیار ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق سابق یو ایف سی چیمپئن اور موجودہ را ویمن چیمپئن رونڈا راﺅسی ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہنے والی ہیں۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب رونڈا راﺅسی 27 جنوری کو شیڈول رائل رمبل ایونٹ میں ساشا بینکس کے خلاف چیمپئن شپ کا دفاع کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں : ڈبلیو ڈبلیو ای کی اہم ترین اسٹار ریسلر اچانک معطل
اس نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رونڈا راﺅسی اپریل میں ہونے والے ایونٹ ریسل مینیا 35 کے فوری بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ سکتی ہیں۔
رونڈا راﺅسی پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای میں گزشتہ سال رائل رمبل کے آخر میں نظر آئی تھیں اور ان کا پہلا مقابلہ ریسل مینیا 34 میں ہوا تھا۔
اس وقت ای ایس پی این نے رپورٹ کیا تھا کہ رونڈا راﺅسی نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے فل ٹائم معاہدہ کیا ہے جو کہ کئی سال کا ہے۔
تاہم اب کہا جارہا ہے کہ وہ ایک سال بعد ہی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں اور اس کی وجہ خاندان کو وقت دنیا بتائی جارہی ہے۔