Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 فروری 2019 09:43pm

قومی اسمبلی کی مزید 6 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کا انتخاب

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور، اطلاعات و نشریات اور داخلہ سمیت مزید 6 کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب ان کیمرہ اجلاس میں کیا گیا جہاں حکمراں جماعت کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے ایک رکن کو بھی منتخب کیا گیا۔

چیف وہپ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے میڈیا کو اجلاس کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی مزید قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کے انتخاب کا عمل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے راجا خرم نواز کو قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کی 11 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب

حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے حصے میں ایک اور سربراہی آئی جس کے مطابق کراچی میں منتخب ہونے والے محمد نجیب ہارون قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے رکن اسمبلی آغا حسن بلوچ کو قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رکن اسمبلی خالد حسین مگسی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین منتخب ہوئے۔

اس موقع پر نومنتخب چیئرمین قائمہ کمیٹیوں کی جانب سے سب اراکین کو ساتھ لے کر ملک کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

قبل ازیں گزشتہ روز 11 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کو منتخب کر لیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کے فارمولے پر حکومت اور اپوزیشن رضامند

6 کمیٹیوں کی صدارت حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس آئی جبکہ اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو 3 اور پاکستان پیپلز پارٹی کو 2 کمیٹیوں کی سربراہی ملی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مجاہد علی کو قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور، منزہ حسن کو قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی، فیض اللہ کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور قائمہ کمیٹی برائے معاشی امور، امجد علی خان کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع، ملک محمد عامر ڈوگر کو قائمہ کمیٹی برائے حکومتی ضمانت اور رانا محمد قاسم کو قائمہ کمیٹی برائے ضابطہ اور مراعات کا سربراہ منتخب کیا گیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی پبلک اکاوٌنٹس کمیٹی کی سربراہی قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو دیے جانے پر پی ٹی آئی کے اراکین اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے شہباز شریف کو عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Read Comments