Dawn News Television

شائع 18 فروری 2019 07:51pm

بنگلہ دیشی اداکارہ کی تصاویر پر تنازع

سانائی محبوب کو بنگلہ دیش کی بولڈ اداکارہ کہا جاتا ہے—فوٹو: فیس بک

بنگلہ دیش کی پولیس نے ملک کی نامور سوشل میڈیا اسٹار، اداکارہ اور ماڈل کو ہدایات دی ہیں کہ وہ سوشل میڈیا سے اپنی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز کو ہٹا دیں۔

بنگلہ دیشی حکام نے گزشتہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ سے قابل اعتراض اور فحش مواد کو ہٹانے کے سلسلے میں ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرنے سمیت نامناسب مواد کو ہٹالیا گیا ہے جب کہ درجنوں قابل اعتراض ویب سائٹس کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔

انٹرنیٹ کو ہر افراد کے لیے محفوظ بنانے کی خاطر بنگلہ دیش سائبر ایجنسیز اور پولیس نے کریک ڈاؤن کے تحت ہی نوجوان ادکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار کو اپنی تصاویر ہٹانے کا حکم دیا۔

سانائی محبوب سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں—فوٹو: فیس بک

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 21 سالہ سوشل میڈیا اسٹار اور اداکارہ سانائی محبوب کو پولیس نے نامناسب اور نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پولیس اسٹیشن طلب کیا۔

پولیس نے سانائی محبوب کو ہدایت کی کہ وہ جلد سے جلد اپنے سوشل اکاؤنٹس اور یوٹیوب چینل سے نامناسب مواد کو ہٹائیں۔

ڈھاکہ پولیس کے سائبر کرائم یونٹ کے اعلیٰ افسر ناظم الاسلام نے بتایا کہ انہوں نے اداکارہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنی عریاں اور نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کو انٹرنیٹ سے ہٹادیں۔

سانائی محبوب کو سوشل میڈیا اسٹار بھی مانا جاتا ہے—فوٹو: فیس بک

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے، تاہم کسی کو فحاشی پھیلانے یا اس طرح کے مواد کی تشہیر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ناظم الاسلام کے مطابق سوشل میڈیا پر نامناسب اور نازیبا مواد کی آسانی سے دستیابی بچوں کے لیے نقصان دہ ہے اور اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سانائی محبوب زیادہ تر سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں اور وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

انہیں بنگلہ دیش کی سیلفی کوئین بھی کہا جاتا ہے۔

سانائی محبوب زیادہ تر سیلفیز شیئر کرتی ہیں—فوٹو: فیس بک

وہ زیادہ تر بولڈ سیلفیز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں زیادہ تر نوجوان پسند کرتے ہیں۔

سانائی محبوب یوٹیوب چینلز پر لائیو ویڈیوز بھی نشر کرتی ہیں اور اپنے مداحوں سے بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے گزشتہ برس اس وقت بنگلہ دیشی میڈیا میں شہرت حاصل کی تھی جب انہوں نے میڈیا پر اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے خوبصورت نظر آنے کے لیے بریسٹ سرجری کرائی ہے۔

انہیں بنگلہ دیش کی سب سے بولڈ اداکارہ بھی کہا جاتا ہے۔

Read Comments