پاکستان

بلوچستان: سینیٹ کی خالی نشستوں سے امیدوار منتخب

بلوچستان سے سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔

کوئٹہ: بلوچستان سے سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔

سینیٹ کی یہ دو نشستیں اس وقت کے پیپلز پارٹی کے سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور جمعیت علمائے اسلام(فضل) کے صوبائی امیر مولانا محمد خان شیرانی کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

جمعرات کو صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس ضمنی انتخابی عمل میں مقررہ اوقات کار کے دوران 52 ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

نتائج کے مطابق اتحادی مسلم لیگ (ن) کے امیدوارسرداریعقوب خان ناصر نے 24 جبکہ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے امیدوار رؤف لالہ نے 22 ووٹ حاصل کیے جبکہ تیسرے نمبر پرجمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ولی کاکڑ نے پانچ ووٹ حاصل کیے۔

بلوچستان اور مرکز میں اتحادیوں کے امیدواروں نے ایوان بالا کے رکن کے انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

جاری کردہ نتائج کے مطابق اس دوران چھ ارکان اجلاس سے غیر حاضر تھے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے نومنتخب سینیٹر رؤف لالہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان بالا میں اپنے صوبے کے عوام کے لیے آواز اٹھانے کیلیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے اسلام آباد میں موجود حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کے مسائل سے آگاہ کرنے کی کوشش کریں گے۔