ہفتے میں 4 انڈے کھانے والے افراد میں قبل از وقت مرنے کے امکانات زیادہ
انڈوں کو اب تک کی طاقتور اور بہترین غذا سمجھا جاتا رہا ہے اور یہ تقریبا سب کی پسندیدہ غذا میں بھی شمار ہوتے ہیں۔
ماہرین صحت یا اب تک کی سامنے آنے والی تحقیقات میں اگرچہ زیادہ انڈے کھانے کے تھوڑے سے نقصانات ضرور بتائے گئے تھے، تاہم انہیں کھانے کے کئی فائدے بتائے گئے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق انڈے نہ صرف جسم میں توانائی بڑھاتے ہیں بلکہ یہ جلد اور بالوں کی رونق بڑھانے سمیت دماغ، دانتوں، بینائی کو بھی بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
انڈوں کو بھوک سے جان چھڑانے والی غذا کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
انہیں سردیوں میں انسانی جسم اور صحت کی حفاظت کا ضامن بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق نے سب کو حیران کردیا۔
امریکا میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق کے نتائج سے یہ انکشاف ہوا کہ ہفتے میں 4 سے زیادہ اںڈے کھانے والے افراد عام لوگوں کے مقابلے قبل از وقت مرسکتے ہیں۔
سائنس جرنل ’جاما‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکا میں کی جانے والی تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ انڈے کھانا دل کی بیماریوں کا باعث بھی بنتے ہیں۔