پاکستانیوں کو تربیت و معاونت فراہم کرنے کے لیے فیس بک کی پاکستان میں لیب قائم

حکومت پاکستان اور دیگر اداروں کے اشتراک سے دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ نے پاکستان میں پہلی بار ادارہ کھولا ہے۔
اپنی طرز کا پاکستان میں یہ پہلا لیب ہے—فوٹو: فیس بک انوویشن ٹیم

حکومت پاکستان اور سماجی ویب سائٹ فیس بک نے مشترکہ طور پر پاکستان میں پہلا فیس بک انوویشن لیب کھول دیا۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کھولے گئے پاکستان کے اس پہلے لیب کو فیس بک اور حکومت پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام نے نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (IGNITE) کے تعاون سے کھولا۔

اس انوویشن لیب کو لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS ) کے نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC ) میں قائم کیا گیا ہے۔

اس لیب کے ذریعے ویب ڈیولپرز، اپنا کام کرنے والے خودمختار افراد اور معاشرے کے دوسرے طبقات کو ایک پلیٹ فارم ملے گا جہاں سے وہ تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آپس میں رابطے بڑھا کر اپنی مہارت میں اضافہ کر سکیں گے۔

اس لیب میں ڈیولپرز ورچوئل ریئلٹی جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی استعمال کر کے جدید پروڈکٹس اور ایپلی کیشنز بھی تیار کر سکیں گے۔

لیب کے افتتاح کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیس بک کے ہیڈ آف اسٹارٹ اپ پروگرامز (اے پی اے سی) جیسن لن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان میں جدت طرازی اور ڈیولپرز کو معاونت فراہم کرنے کے تحت فیس بک انو ینشن لیب کے آغاز پر ویب سائٹ فخر محسوس کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیس بک پاکستان میں ایک موثر کمیونٹی قائم کرنا چاہتا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں ایسے کاروبار، اسٹارٹ اپس اور افراد کو معاونت فراہم کرنی چاہیے جو ترقی اور کامیابی کے لیے جدید طرز پر انحصار کر رہے ہیں۔

لیب کا قیام لاہور میں کیا گیا ہے—فوٹو: فیس بک انوویشن ٹیم

خیال رہے کہ یہ فیس بک کی جانب سے پاکستان میں قائم کی گئی پہلی انوویشن لیب ہے، یہ لیب نیا کاروبار شروع کرنے والے افراد کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ اپنے کاروبار میں مزید بہتری لاکر پاکستان اور بیرون ملک مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں گے۔

اس لیب میں جدید ٹیکنالوجی کی دستیابی کے ساتھ ساتھ شرکا کو فیس بک کے عالمی سطح کے نامور ماہرین، انڈسٹری لیڈرز اور پروڈکٹ انوینشن کے ماہرین سے بھی رابطہ کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔

ساتھ ہی اس لیب کے شرکا ایف بی اسٹارٹ (FbStart ) نامی عالمی پروگرام تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

یہ پروگرام اسٹارٹ اپس کو اپنا کاروبار قائم کرنے اور اس کو ترقی دینے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یہ لیب ہاؤسنگ کمیونٹی کے لیے ایونٹس اور ورکشاپس منعقد کرے گا اور اسٹارٹ اپس کو ٹریننگ بھی فراہم کرے گا۔

ساتھ ہی اس لیب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہوگی کہ یہ لیب پاکستان میں موجود اپنا کام کرنے والے خودمختار افراد اور اسٹارٹ اپس کا خیرمقدم کرے گا۔

فیس بک انوویشن کے ذریعے نیا کام شروع کرنے والے افراد اور ڈیولپرز کو اپنی دلچسپی کے شعبے میں تربیت لینے کے لیے آن لائن https://fb.me/innovationlabpak رجسٹریشن کرانی پڑے گی۔