Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2019 05:33pm

سجل علی کو ’نکھری رنگت‘ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا

اداکارہ و ماڈل سجل علی یوں تو اپنی اداکاری کی وجہ سے کئی لوگوں کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ملک کی نوجوان لڑکیاں ان کے اسٹائل کو پسند بھی کرتی ہیں۔

تاہم حال ہی میں انہیں خواتین اور خصوصی طور پر نوجوان اور کم عمر لڑکیوں کو اپنی رنگت کو بہتر بنانے والے اشتہار میں کام کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

حال ہی میں سجل علی رنگ گورا کرنے والی کریم ’فیئر اینڈ لولی‘ کے ایک اشتہار میں رنگت کو نکھارنے کے راز بتاتی نظر آئیں۔

اشتہار میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سجل علی نوجوان لڑکیوں سے بھرے حال کے اسٹیج پر نمودار ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اب گوری رنگت کا زمانہ گیا اور اب ‘ایچ ڈی گلو نکھار‘ کا زمانہ آیا ہے۔

اگرچہ اداکارہ اشتہار میں گوری اور نکھری رنگت کے حوالے سے خود تشہیر کم کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم انہیں رنگ کو نکھارنے والے اشتہار میں کام کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایاجا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے سجل علی کی جانب سے نکھری رنگت کے اشتہار میں کام کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اداکارہ سے ایسے اشتہار میں کام کرنے کی توقع نہیں تھی۔

سجل علی پر تنقید کرنے والی زیادہ تر خواتین تھیں اور انہوں نے لکھا کہ انہیں اداکارہ بہت پسند تھیں، تاہم تازہ اشتہار کے بعد سجل علی ان کی پسندیدہ اداکارہ نہیں رہیں۔

خیال رہے کہ سجل علی سے قبل بھی متعدد پاکستانی اداکار و اسپورٹس اسٹارز رنگ گورا کرنے والی فیئر اینڈ لولی کریم کے اشتہار میں نظر آ چکے ہیں اور وہ بھی لوگوں کو اپنی رنگت گوری اور نکھارنے کی ترغیب دیتے دکھائی دیے تھے۔

Read Comments