لائف اسٹائل

اس رمضان کا آغاز ان لذیذ پکوانوں سے کریں

اگر رمضان کے آغاز میں سحر و افطار کے لیے کھانے بنانے میں مشکلات کا شکار ہیں تو اس مضمون میں دی گئی تجاویز پر عمل کریں

رمضان کے آغاز سے ہی روزے دار سحری کے ساتھ ساتھ روزہ کھولنے کے لیے افطاری میں خصوصی اہتمام کرتے ہیں جس میں روایتی کھانے پینے کی مختلف چیزیں تیار کی جاتی ہیں۔

جس طرح پکوڑوں کے بغیر افطاری کو نامکمل سمجھا جاتا ہے, اسی طرح رول اور سموسے بھی افطاری کا بنیادی جز مانے جاتے ہیں, جسے بچے بھی پسند کرتے ہیں جبکہ بڑے بھی شوق سے کھاتے ہیں۔

بازار سے یہ اشیاء سب ہی خرید کر لاتے ہیں لیکن آپ انہیں باآسانی گھر میں بھی تیار کرسکتے ہیں۔

یہاں رمضان میں افطار کے وقت پیش کیے جانے والے پکوان کی نہایت آسان ترکیب بیان کی گئی ہے:

آلو کے سموسے

اجزاء (ایک درجن سموسوں کے لیے)

دو کپ آٹا

چار چائے کے چمچ تیل

12 سے 14 چائے کے چمچ پانی

ایک چائے کا چمچ اجوائن

نمک حسب ذائقہ

تلنے کے لیے تیل

آلو مصالحہ: درمیانے سائز کے تین آلوﺅں کو ابال لیں۔ ابلنے کے بعد حسب ذائقہ نمک، آدھا چائے کا چمچ زیرہ، چوتھائی چائے کا چمچ سرخ مرچ پسی ہوئی، ایک چائے کا چمچ کٹا ہوا دھنیا، چوتھائی چائے کا چمچ کٹی ہوئی سبز مرچیں، تلی ہوئی پیاز، آدھا چائے کا چمچ اجوائن، آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا سوکھا دھنیا، ان سب کو ایک ساتھ ملا کر کچل لیں اور چار چائے کے چمچ تیل میں تیز آنچ پر کچھ منٹ کے لیے تل لیں۔

طریقہ کار

سموسے کے خول کے لیے تمام اجزاء کو آپس میں مکس کر دیں اور اس کے بعد آٹے میں گوندھ کر پیڑوں کی شکل دیں، اور گیلے کپڑے سے ڈھک کر ایک گھنٹے کے لیے کمرے کے عام درجہ حرارت میں رکھ دیں۔

اس کے بعد انہیں 6 مساوی پیڑوں کی شکل میں تقسیم کرکے 6 گول روٹیاں بنائیں اور آدھے گول کی شکل میں کاٹ لیں جبکہ روٹی کے ٹکڑوں کے سیدھے کناروں پر کچھ پانی لگائیں اور اسے موڑ کر بند کردیں۔

اب کون کی شکل کے سموسے کے اس خول کو آلو سے بھریں اور اس کے کون کے گول گھیر پر کچھ پانی لگا کر اس کے کونوں کو دبا کر سیل کردیں۔

اب سموسے کو گرم تیل (تیز آنچ) میں ڈال دیں اور آنچ کو سموسہ ڈالنے کے بعد ہلکا کردیں اور اس وقت اس آنچ پر پکائیں جب تک وہ گولڈن براﺅن نہ ہوجائے۔ اس کے بعد آنچ کو بڑھائیں اور سموسے کو کڑھائی سے نکال لیں، اس کا تیل چھان لیں اور پھر اس کا مزہ لیں۔

چکن سموسے

اجزاء:

تیل 2 سے 3 کھانے کے چمچ

زیرا ایک کھانے کا چمچ

کٹی ہوئی پیار ایک درمیانی

ابلی ہوئی چکن آدھا کلو

کالی مرچ پاؤڈر ½ چائے کا چمچ

گرم مصالحہ ½ چائے کا چمچ

سرخ مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ

سویا ساس ایک چائے کا چمچ

کیچپ ایک چائے کا چمچ

نمک حسب ذائقہ

کٹی ہوئی ہری پیاز 4 کھانے کے چمچ

کٹا ہوا ہرا دھنیا 4 کھانے کے چمچ

کٹی ہوئی ہری مرچ 2 کھانے کے چمچ

میدہ 2 سے 3 کھانے کے چمچ

سموسے کی پٹیاں 12 سے 15

تلنے کے لیے تیل

طریقہ:

کڑاھی میں تیل، زیرا اور پیاز ڈال کر ہلکا سنہری ہونے تک فرائی کرلیں، اس کے بعد اس میں چکن، کالی مرچ پاؤڈر، گرم مصالحہ پاؤڈر، سرخ لال مرچ پاؤڈر، سویا ساس اور کیچپ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔

بعد میں اوپر سے ہری پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کرکے اچھی طرح ملائیں اور چکن کے مصالحے کو ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

میدے میں تھوڑا سا پانی شامل کرکے پیسٹ بنالیں، سموسے کی پٹییاں لیں اور اس کی پاکٹ بنا کر چکن کا مصالحہ شامل کریں، میدے کی مدد سے اس کے کنارے چپکا کر بند کردیں۔

کڑاھی میں تیل گرم کریں اور چکن سموسے فرائی کرکے افطاری پر گرم گرم پیش کریں۔

اسپرنگ رول

اجزاء:

فلنگ بنانے کے لیے

تیل 4 کھانے کے چمچ

ابال کر ریشہ کی ہوئی چکن ایک کپ

گاجر باریک باریک کٹی ہوئی ایک کپ

شملہ مرچ باریک کٹی ہوئی ایک کپ

بند گوبھی باریک کٹی ہوئی ایک کپ

ہری پیاز باریک کٹی ہوئی ایک کپ

نمک ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

کُٹی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچ

کُٹی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ

سویا ساس دو کھانے کے چمچ

سرکا ایک کھانے کا چمچ

سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ

رول کے لیے:

رول پٹی 12 عدد

میدہ ایک کھانے کا چمچ

پانی حسب ضرورت

تیل تلنے کے لیے

ترکیب:

فرائی پین میں چار کھانے کے چمچ تیل گرم کر اس میں سفید زیرہ شامل کریں اور فرائی کر لیں۔

پھر اس فرائی پین میں چکن، تمام سبزیاں اور مصالحے ڈال کرکے اچھی طرح مکس کریں جبکہ پانچ منٹ فرائی کرکے فلنگ کو ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

ایک کھانے کے چمچ میدے میں تھوڑا سا پانی ملا کر اس کا پیسٹ بنالیں۔

رول کی پٹیوں میں فلنگ کی کچھ مقدار ڈال کر اسے فولڈ کریں اور کنارے میدے کے پیسٹ سے چپکا کر رکھتے جائیں۔

ایک الگ پین میں ڈیپ فرائی کے لیے تیل گرم کرلیں، اس میں ایک ایک کرکے تیار شدہ رول ڈالیں اور درمیانی آنچ پر سنہرا ہونے تک تل لیں۔

گرم گرم رول پودینے، املی کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ پیش کی جا سکتی ہے۔

فرائنگ سے قبل تیار شدہ رول کو ایک مہینے تک فریز کیا جاسکتا ہے جبکہ حسب ضرورت فرائی کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پکوڑے

اجزاء:

دو کپ بیسن

دو سبز مرچ

دو کٹے ہوئے درمیانے آلو

دو سے تین ابلے ہوئے انڈے

ایک چھوٹا بینگن کٹا ہوا

چھ چائے کے چمچ پالک کے پتے

دھنیے کے پتے

ایک چائے کا چمچ سرخ مرچ پاﺅڈر

ایک چائے کا چمچ اجوائن

ایک چائے کا چمچ سوکھا دھنیہ

ایک چائے کا چمچ زیرہ

بیکنگ پاﺅڈر

نوٹ: پکوڑے کی تیاری کے لیے اپنی پسند کی کسی بھی سبزی کو ترجیح دی جاسکتی ہے۔

طریقہ کار

تمام اجزاء کو کچھ مقدار میں پانی ڈال کر آپس میں مکس کرلیں، پھر اسے اس وقت تک ڈیپ فرائی کریں جب تک وہ کرکرے اور خستہ نہ ہوجائیں۔

اب چاٹ مصالحے، دہی، چٹنی، یا کیچپ کے ساتھ اس کا مزہ لیں۔

چنا چاٹ

اجزاء

دو کپ چنے (رات بھر پانچ کپ پانی جس میں 1/3 چائے کے چمچ سوڈا ڈالا گیا ہو، میں بھگو کر رکھیں)

چوتھائی سے آدھا کپ گڑ، آپشنل

آدھے سے ایک چائے کا چمچ کالا نمک یا حسب ذائقہ

آدھا چائے کا چمچ زیرہ

چوتھائی سے آدھا کپ املی کی چٹنی

ایک سے دو آلو (ایسے پانی میں ابلے ہوئے جس میں زرد فوڈ کلر شامل ہو) جنھیں چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹا گیا ہو

دو سے تین چائے کے چمچ کٹی ہوئی پیاز

طریقہ کار

چنوں کو اس وقت تک ابالیں جب تک وہ مکمل طور پر نرم نہ ہوجائیں۔ ایک بار جب وہ ابل جائیں تو انہیں ایک طرف رکھ دیں اور اس میں گڑ شامل کرکے ٹھنڈا ہونے دیں جس کے بعد اس میں دیگر تمام اجزاء ملا لیں۔

چنوں کی چاٹ کو سجانے کے لیے سبز مرچ، دھنیہ، گول کٹی ہوئی پیاز، ٹماٹر کی قاشیں اوپر لگائیں اور اسے چٹنی، دہی، چاٹ مصالحے، پاپڑی وغیرہ کے ساتھ پیش کریں۔