Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اگست 2019 04:24pm

'بیٹا ہوگا یا بیٹی؟' باکسر عامر خان کا انوکھے انداز میں اعلان

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور اہلیہ فریال مخدوم کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کا اعلان دونوں نے ایک دلچسپ ویڈیو کے ساتھ انٹرنیٹ پر کیا۔

عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردہ ویڈیو میں صرف یہی اعلان نہیں کیا کہ وہ تیسری مرتبہ ماں بننے والی ہیں بلکہ انہوں نے ایک دلچسپ انداز میں لوگوں کو یہ بھی بتا دیا کہ اس مرتبہ ان کے ہاں بیٹا ہونے والا ہے۔

ویڈیو میں فریال مخدوم اور عامر خان بہت ساری غباروں کے ساتھ موجود ہیں، جو گلابی اور نیلے رنگ میں موجود ہیں جبکہ ان کے درمیان ایک سیاہ رنگ کا بڑا غبارہ بھی موجود ہے۔

ویڈیو میں نیلے رنگ کے غبارے لڑکے جبکہ گلابی رنگ کے غبارے لڑکی کے لیے رکھے گئے۔

فریال مخدوم نے ویڈیو میں اعلان کیا کہ ان کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جبکہ یہ بھی کہا کہ عامر غباروں کے بیچ میں موجود سیاہ غبارے کو پھاڑ کر یہ پتا لگائیں گے کہ ان کے ہاں بیٹا ہونے والا ہے یا بیٹی۔

واضح رہے کہ بچے کی جنس کا اعلان کرنے کا یہ انداز کئی عرصے سے سوشل میڈیا پر سامنے آرہا ہے جہاں لوگ اس قسم کے دلچسپ کھیلوں کے ساتھ اپنے ہونے والے بچے کی جنس کا اعلان دوستوں کے درمیان کرتے ہیں۔

عامر اور فریال مخدوم نے بھی سوشل میڈیا کا یہ وائرل ٹرینڈ اپناتے ہوئے غبارہ پھاڑ کر بتایا کہ ان کے ہاں جلد بیٹے کی پیدائش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان کے ہاں ننھی پری کی آمد

اس سے ایک روز قبل فریال مخدوم نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر اپنی اور عامر خان کی ایک تصویر بھی شیئر تھی جس پر انہوں نے لکھا تھا کہ وہ سب سے ایک خاص خبر شیئر کرنا چاہتی ہیں جبکہ انہوں نے لوگوں سے اندازہ لگانے کو بھی کہا تھا۔

اس تصویر میں عامر اور فریال دونوں سرخ رنگ کے ملبوسات میں ایک ریڈ کارپٹ پر موجود تھے جس کے باعث لوگوں کو ایسا لگا کہ فریال کسی نئے پروجیکٹ پر کام کرنے کا اعلان کرنے جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ عامر خان اور فریال مخدوم کی شادی 2013 میں ہوئی تھی، جس کے بعد 2014 میں ان کی پہلی بیٹی لمائسا خان کی پیدائش ہوئی۔

ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش گزشتہ سال 24 اپریل کو ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے علینا خان رکھا۔

واضح رہے کہ فریال مخدوم ماڈلنگ کے شعبہ سے وابستہ رہی ہیں، عامر اور فریال کے درمیان ہوئے کئی تنازعات بھی ماضی میں سامنے آئے جبکہ فریال مخدوم اپنے خاوند کے اہل خانہ پر تشدد کا الزام بھی لگا چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: غلط فہمیاں دور: عامر اور فریال میں صلح ہوگئی

2017 میں عامر خان اور فریال مخدوم کے درمیان جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا تھا جس کے بعد ان دونوں نے علیحدہ ہونے کا اعلان بھی کیا، البتہ اس اعلان کے چند روز بعد فریال نے اپنے ماں بننے کی خبر کا اعلان کیا جس کے بعد دونوں کے درمیان صلح ہوگئی۔

عامر خان نے اہلیہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ 'غلط فہمیاں دور ہونے اور مسائل حل کرنے کے بعد اپنی 4 ماہ کی حاملہ اہلیہ کے ساتھ ہوں'۔

Read Comments