لائف اسٹائل

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

45 سالہ اداکارہ کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں۔

معروف ٹی وی اداکارہ ناہید شبیر نے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

45 سالہ اداکارہ کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں۔

اداکارہ کی مایوں، مہندی، بارات اور ولیمے کی تصاویر پر مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔

ناہید شبیر نے اپنے مایوں میں سرخ رنگ کا روایتی جوڑا زیب تن کیا۔

بارات میں اداکارہ نے سرخ رنگ کا عروسی جوڑا پہنا جبکہ ولیمے میں وہ سلور رنگ کے خوبصورت اور بھاری گاؤن میں نظر آئیں۔

عامر لیاقت حسین کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر بھی اس موقع پر دلہن کے ہمراہ نظر آئیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ ان کی دوسری شادی ہے، اداکارہ نے پہلی شادی 2010 میں عامر مرزا نامی شخص سے کی تھی تاہم کچھ عرصے بعد ہی ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

اداکارہ نے دوسری شادی سابق پروڈیوسر نومی خان سے کی اور ان کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکار اور نومی خان دونوں کو شادی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پر سامنے آئی ٹوئٹس کے مطابق نومی خان نے ناہید شبیر سے شادی کرنے کے لیے اپنی پہلی اہلیہ اور بچوں سے تعلق ختم کردیا جبکہ انہیں اپنے گھر سے بھی نکال دیا۔

تنزیلہ مظہر نامی صحافی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'سینئر اداکارہ ناہید شبیر نے اپنے سابق پروڈیوسر اور سرکاری افسر کے ساتھ شادی کی، جنہوں نے اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کو ان کی خاطر ترک کردیا، گھر سے نکال دیا، ڈرامہ انڈسٹری کو اس بات سے فرق نہیں پڑتا، کیوں کہ ہمارے ڈراموں میں یہی سب تو دکھایا جاتا ہے'۔

ایک اور صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'اس بات کا ذکر بھی ہونا چاہیے کہ ناحید ایک ایسے شخص سے شادی کررہی ہیں جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے بھی ہیں، جن کو انہوں نے چھوڑ دیا ہے'۔

تاہم اداکارہ نے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ناہید شبیر ڈراموں کے ساتھ ساتھ کئی ٹیلی فلمز کا بھی حصہ بن چکی ہیں۔

ان کے یادگار ڈراموں میں 'ایک نئے موڑ، 'چاند چہرا'، 'بے زبان'، 'کہانی محبت کی مختصر'، 'خواب ٹوٹ جاتا ہے'، 'نصیب'، 'عشق' اور 'تمہیں کچھ یاد ہے' شامل ہیں۔

اداکارہ کی شادی کی تقریبات میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، ان میں فیصل قریشی، جویریا سعود وغیرہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ نے 1997 میں پی ٹی وی کے ایک ڈرامے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔