Dawn News Television

شائع 16 ستمبر 2019 11:13am

فرحان سعید کا بھارتی گلوکار سلیم مرچنٹ پر گانا چوری کرنے کا الزام

پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بولی وڈ کمپوزر سلیم مرچنٹ پر ان کے گانے کی موسیقی چرانے کا الزام لگادیا۔

فرحان سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلیم مرچنٹ کو ان کے گانے کی موسیقی کی نقل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستانی گلوکار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'کسی نے مجھے سلیم مرچنٹ کا گانا 'ہاریا' بھیجا جو بالکل میرے گانے 'روئیاں' کی نقل ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آخر لوگ اتنی بےباکی سے کسی کا کام چوری کرکے خود کو کیسے آرٹسٹ کہتے ہیں'۔

گلوکار نے مزید لکھا کہ 'کرنا ہی ہے تو پوچھ کر کرو اور اگر پوچھنا نہیں ہے تو کم از کم اچھا تو کرو'۔

بعدازاں سلیم مرچنٹ نے خود پر ہوئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ صرف ایک اتفاق ہے۔

بھارتی موسیقار کا کہنا تھا کہ 'فرحان میں نے آپ کا گانا سنا، یہ صرف ایک اتفاق ہے کہ میرے گانے ہاریا کا میوزک آپ کے گانے سے مل رہا ہے، ایمانداری سے بات کروں تو میں نے کبھی یہ گانا سنا بھی نہیں، ایسا کئی بار ہوتا ہے کہ موسیقی ملتی جلتی لگتی ہے، سلیمان اور میرا ریکارڈ ہے کہ ہم نے کبھی نقل نہیں کی'۔

جس کے بعد فرحان سعید نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'اگر آپ کہتے ہیں تو ہوگا، لیکن ایک اور اتفاق یہ ہے کہ ہمارے گیت نگار بھی ایک ہیں'۔

اس پر سلیم مرچنٹ نے لکھا کہ 'آپ ان سے پھر کیوں نہیں پوچھتے؟ اگر مجھے نقل کرنی ہی ہوتی تو میں اپنے کیریئر میں بہت پہلے کرچکا ہوتا، کاش میں اپنا گانا بنانے سے قبل آپ کا گانا سن لیتا، پھر اپنے گانے میں ضرور تبدیلی کرتا تاکہ اس کی کمپوزیشن آپ کے گانے سے الگ لگے، امید ہے آپ سمجھیں گے'۔

واضح رہے کہ فرحان سعید کا گانا روئیاں 2014 میں ریلیز ہوا تھا جس کے گیت نگار کمار تھے۔

جبکہ سلیم مرچنٹ کا گانا ہاریا رواں ماہ ہی سامنے آیا ہے۔

Read Comments