Dawn News Television

شائع 18 ستمبر 2019 10:35pm

اسرائیلی وزیراعظم انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں پھر ناکام

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں تاہم مقابلہ سابق آرمی چیف بینی گانتز کی جماعت کے درمیان برابر ہوگیا ہے۔

غیرملکیوں خبر ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق موصول شدہ تقریباً مکمل نتائج میں طویل عرصے تک حکومت کرنے والے نیتن یاہو کو سال میں دوسری مرتبہ شدید دھچکا لگا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جس کے مطابق نیتن یاہو کی جماعت لیکود اور سابق آرمی چیف بینی گانتز کی بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کو کم وبیش برابر نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

بینی گانتز کے اتحاد نے 56 نشستیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی

نتین یاہو کی جماعت لیکود کی سربراہی میں اتحاد کو 120 کے ایوان میں 55 نشستیں جبکہ بائیں بازو کے اتحاد کو 56 نشستیں حاصل ہوئی ہیں اور حکومت بنانے کے لیے 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

لیکود کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دائیں بازو کے متعدد رہنماؤں نے نیتن یاہو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اگلے حکومت میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے بعد موصولہ نتائج کے مطابق سیکولر نیشلسٹ جماعت یسرائیل بیتینو کے سربراہ اور سابق وزیردفاع ایوگدور لیبرمین 9 نشستیں حاصل کرکے حکومت سازی کے لیے اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔

ایوگدور لیبرمین کی جماعت کا مطالبہ ہے کہ تمام بڑی جماعتوں کی مشترکہ حکومت بنائی جائے لیکن انہوں نے رواں برس اپریل میں نیتن یاہو کی دائیں بازو اور مذہبی اتحاد کی حمایت کرنے سے انکار کردیا تھا اور اب ایک مرتبہ وہی صورت حال کا سامنا ہے۔

نتین یاہو نے اپنی انتخابی مہم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قریبی تعلقات کی بھرپور پرچار کی لیکن نتائج کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، ان کی جانب سے جیت یا ہار تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

لیکود پارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی یووال اسٹینٹز سمیت دیگر اراکین نے نیتن یاہو سے وفادار کے بیانات دیے ہیں۔

نتین یاہو کے حوالے سے اسرائیل کے وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ 'وہ بدستور پارٹی کے چیئرمین ہوں گے اور وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر برقرار رہیں گے'۔

انتخابی نتائج سے مایوس 69 سالہ نیتن یاہو نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ عرب جماعتوں کے بغیر 'زائیونسٹ حکومت' قائم کریں کیونکہ عرب جماعتیں گانتز کی حمایت کرسکتی ہیں۔

نیتن یاہو کا دورہ اقوام متحدہ منسوخ

نیتن یاہو نے اسرائیل میں سیاسی پیش رفت کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے لیے شیڈول دورے کو منسوخ کردیا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے انتخابی نتائج کے باعث اقوام متحدہ کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات امیکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی طے تھی۔

ٹرمپ نے نیتن یاہو سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نیتن یاہو اور وہ اتحآدیوں کے درمیان باہمی دفاعی معاہدے کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Read Comments