Dawn News Television

شائع 11 اکتوبر 2019 10:49pm

ٹوائلٹ کے اندر دلہے کے سیلفی لینے پر دلہن کیلئے نقد انعام

بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں حکومت نے گھر میں بیت الخلا تعمیر کرنے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔

حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی انوکھی اسکیم کے تحت معاشی طور پر پسماندہ علاقوں سے تعلق وہ خواتین جو شادی سے قبل یہ ثابت کردیں کہ دلہے کے گھر میں بیت الخلا موجود ہے انہیں 51 ہزار روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔

اس اسکیم کے تحت دلہے کے لیے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی رہائش گاہ کے ٹوائلٹ میں کھڑے ہو کر اپنی سیلفی لے۔

حکام کے مطابق اس اسکیم کا مقصد ریاست کے ہر گھر میں بیت الخلا کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔

بھارتی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے این آئی' سے بات کرتے ہوئے ایک فلاحی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ 'اسکیم کے تحت ہم نے کئی درخواست گزاروں کے فارم میونسپل کارپوریشن میں جمع کرائے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ فارم کے ساتھ اگر دلہا ٹوائلٹ میں لی گئی اپنی سیلفی جمع نہیں کراتا تو فارم مسترد کردیا جائے گا۔

اسکیم کے متعارف کرائے جانے کے بعد ریاست کی سینٹرل لائبریری کے میدان میں اجتماعی شادی کی تقریب میں 77 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

ریاستی حکومت کی اس اسکیم کو جہاں متعدد دلہوں نے سراہا تو وہیں کئی اس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بھی نظر آئے۔

چند دلہوں کا کہنا تھا کہ سیلفیز چیک کرنے کے بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ گھروں میں آکر یہ چیک کرے کہ وہاں بیت الخلا ہے یا نہیں۔

تاہم دلہنوں کی بڑی تعداد نے حکومت کی اس اسکیم کو سراہتے ہوئے اسے اچھا فیصلہ قرار دیا۔

دوسری جانب متعدد مقامی افراد نے الزام لگایا ہے کہ اس اسکیم کے تحت فروری سے کئی جوڑوں کو انعام کی رقم نہیں ملی ہے۔

Read Comments