Dawn News Television

شائع 14 اکتوبر 2019 01:13am

رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب

سینیٹر رضا ربانی دنیا بھر کی 128 ارکان پر مشتمل انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے۔

رضا ربانی بھارت کے امیدوار شسی تہور کی جانب سے اپنا نام واپس لینے پر انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔

واضح رہے کہ انٹرپارلیمانی یونین کی 131واں جنرل اسمبلی کا اجلاس سربیا کے دارلحکومت بلغراد میں جاری ہے جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد شریک ہوا۔

اس موقع پر ایشیا پیسیفک گروپ کا اجلاس آج اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ساوہ کانفرنس سنٹر بلغراد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایشیا پیسیفک ممالک کی جانب سے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کے لیے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا جس میں پاکستان کی پارلیمنٹ نے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔

اسپیکر اسد قیصر بین القوامی پارلیمانی تنظیم آئی پی یو کی ایشیا پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔

پاکستان کے مطالبے پر ہونے والے خفیہ انتخابات کو موخر کروانے کے کوشش کی تاہم 34 رکنی ایشیا پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن کی جانب سے ان کے موقف کی تائید نہیں کی گئی۔

سینٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیا پیسیفک گروپ نے سینٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن اور سینٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔

ہندوستانی امیدوار کے انتخاب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سینیٹر رضا ربانی بلا مقابلہ متفقہ امیدوار کے طور پر 3 سال کے لیے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر منتخب قرار دیے گئے۔

Read Comments