Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019 03:43pm

بیٹے کی پیدائش کے بعد ثانیہ مرزا نے وزن کم کیسے کیا؟

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو حاملہ ہونے کے بعد وزن بڑھنے کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

ثانیہ مرزا کے ہاں گزشتہ سال اکتوبر میں بیٹے کے پیدائش ہوئی تھی، جس کے دو ماہ بعد سے ہی انہوں نے وزن کم کرکے دوبارہ فٹ ہونے کی جدوجہد کا آغاز کردیا تھا۔

انہوں نے گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ بیٹے کو جنم دینے کے ٹھیک دو ماہ بعد انہوں نے جم جانا شروع کردیا تھا۔

32 سالہ ثانیہ مرزا نے اپنے وزن کم کرنے کے عمل کو سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ بھی شیئر کیا۔

مزید پڑھیں: کرینہ کپور وزن کنٹرول کرنے کے لیے کونسی غذا استعمال کرتی ہیں؟

انسٹاگرام پر شیئر کردہ ایک ویڈیو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 'ہر کوئی مجھ سے یہ سوالات پوچھ رہا ہے کہ میں نے وزن کم کیسے کیا؟ میں بیٹے کی پیدائش کے بعد سے وزن کم کرنے کے اپنے عمل کو ریکارڈ کررہی تھی جو اب میں مداحوں کے ساتھ شیئر کررہی ہوں، میں نے حاملہ ہونے کے دوران 23 کلو وزن بڑھا لیا تھا، اور اب میں 26 کلو وزن کم کرچکی ہوں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'اگر ہر روز ہم خود کو ایک یا دو گھنٹے دیں اور ورزش کریں تو یقیناً بہت مثبت فرق آئے گا'۔

اس ویڈیو کے بعد سے ثانیہ ہر دن کی ورزش کی ویڈیو مداحوں سے شیئر کرتی اور بتاتی کہ وہ کون کون سی ورزش کررہی ہیں اور ان کا وزن کس طرح کم ہورہا ہے۔

وہ اب تک اپنی 9 دنوں کی ورزش کی ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کرچکی ہیں۔

ثانیہ نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ 'میں ہر روز خواتین کی جانب سے بھیجے ایسے پیغامات پڑھتی ہوں جو بتاتی ہیں کہ اولاد کی پیدائش کے بعد ان کے لیے وزن کم کرنا بےحد مشکل ہے، میں ان سے بس یہی کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں کرسکتی ہوں تو آپ بھی کرسکتی ہیں'۔

یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔

شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے۔

جوڑے کی مستقل رہائش گاہ اگرچہ دبئی میں ہی ہے لیکن اپنے اپنے پروفیشن کی مصروفیات کے باعث شعیب اور ثانیہ زیادہ تر اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہیں۔

ان کے بیٹے اذہان کی پیدائش گزشتہ سال 30 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تمام فینز کو دی تھی۔

Read Comments