Dawn News Television

شائع 21 اکتوبر 2019 08:01pm

کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی

کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے جانے والے دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، جس سے وین کو جزوی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا — فوٹو: ڈان نیوز

دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جب اس کے پاس سے پولیس موبائل گزری تو اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

واضح رہے کہ یہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں دھماکے کے ذریعے پولیس کو نشانہ بنانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

15 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، دھماکا پولیس موبائل وین کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

Read Comments