Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2019 02:07pm

پاکستانی خاتون باکسر بھارتی حریف سے ٹکرانے کو تیار

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون باکسر سعیدہ فدا حسین رواں ماہ 29 نومبر کو نیوزی لینڈ میں ہونے والے عالمی باکسنگ مقابلے میں بھارتی حریف منیشا کو دھول چٹانے کے لیے پر عزم ہیں۔

بلوچستان کے غریب کان کن کی بیٹی سعیدہ فدا حسین عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی باکسر کے چیلنج پر عامر خان کا منہ توڑ جواب

اس حوالے سے سعیدہ فدا حسین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر خود کو ہر لحاظ سے آگے رکھنے اور پاکستان کو پیچھے رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم انہیں دکھائیں گے کہ بلوچستان اور پاکستان کی لڑکیاں کسی سے کم نہیں، سعیدہ فدا نے 58 کلو گرام ویٹ کٹیگری میں بھارتی باکسر منیشا پرل کو چیلنج کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعیدہ فدا نے 4 سال قبل مکس مارشل آرٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر وہ باکسنگ کے میدان میں آئیں، ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع بولان کے چھوٹے سے علاقے مچھ سے ہے۔

انہوں نے کک باکسنگ میں کئی گولڈ اور سلور میڈلز بھی حاصل کیے ہیں۔

سعیدہ فدا حسین کی ٹریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کے کوچ حمید خان نے بتایا کہ سعیدہ کی پریکٹس آخری مراحل میں ہے، میں انہیں 2 گھنٹے صبح اور 4 گھنٹے شام کو باکسنگ کی ٹریننگ کرواتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ہم عالمی مقابلے میں بھارت کو شکست دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ہفتے کے دوران فائٹ میں زخمی ہونے والے دوسرے باکسر کی موت

سعیدہ فدا حسین عالمی مقابلے میں شرکت کے لیے بلند حوصلے لیے 22 نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوں گی جہاں ان کا بھارتی حریف منیشا سے 29 نومبر کو ٹاکرا ہوگا۔

Read Comments