شادی کے دعوت نامے میں کارڈز کی جگہ 'پودے' کا انتخاب
ویسے تو زیادہ تر مشرقی شادیوں کی تقریبات نہایت دھوم دھام سے منعقد کی جاتی ہیں لیکن حالیہ برسوں میں دیکھا جاتا رہا ہے کہ لوگ اپنی شادیوں میں نت نئے آئیڈیاز بھی سامنے لارہے ہیں جن میں سے کچھ دلچسپ ہوتے ہیں البتہ کچھ دیکھنے والوں کو حیران کردیتے ہیں۔
کوئی اپنی شادی میں ہاتھی پر بیٹھ کر انٹری کررہا ہے، تو کوئی لاکھوں کی مالیت کا شادی کارڈ بنوا رہا ہے۔
لیکن بھارتی شہر بھوپال سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے اپنی شادی کے دعوت نامے میں کارڈ کی جگہ پودے کا انتخاب کرکے سب کو حیران کردیا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بزنس مین پرانشو کانکین اور ان کے بھائی پراتیک ہمیشہ سے شادی کی ایسی تقریب منعقد کرنا چاہتے تھے جو ماحول دوست ہو۔
پرانشو نے اپنی شادی کی تقریب میں مہمانوں کو مدعو کرنے کے لیے دعوت نامے کی جگہ پودوں کا انتخاب کیا۔
ایک انٹرویو میں پرانشو کے بھائی پراتیک نے بتایا کہ 'یہ خیال ہمیں اس وقت آیا جب ہم نے کچھ ایسے طریقوں پر غور کرنا شروع کیا جن سے شادی میں کھانا ضائع نہ ہو، ہم نے کاغذ کے کارڈز کی جگہ ای کارڈز کے ذریعے لوگوں کو دعوت نامہ بھیجنا شروع کیا اور درخواست کی کہ وہ اس کا جواب بھی دیں'۔