Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2019 04:03pm

شاہ سلمان کے بھائی کے انتقال پر خلیجی ریاستوں کے سربراہان کا اظہار تعزیت

ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بھائی شہزادہ متعب بن عبدالعزیز انتقال کرگئے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے ایک جاری کردہ بیان کے حوالے سے بتایا کہ شہزادہ متعب بن عبدالعزیز کا انتقال 88 برس کی عمر میں ہوا۔

ان کے انتقال کا باضابطہ اعلان سعودی عرب کی رائل کورٹ کی جانب سے کیا گیا اور بتایا گیا کہ سعودی فرماں روا کے بھائی کا انتقال 2 دسمبر (پیر) کو ہوا۔

مزید پڑھیں: کیا سعودی بادشاہت کا خاتمہ قریب آگیا؟

رائل کورٹ نے یہ بھی اعلان کیا کہ شہزادہ متعب بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ ریاض میں امام ترکی مسجد میں ادا کی گئی جبکہ آج (منگل کو) مکہ میں بھی مسجد الحرام میں بعد نماز عشا ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

علاوہ ازیں ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ یو اے ای کے سپریم کونسل کے رکن اور رولر آف ال ایراح شیخ حماد بن محمد الشرقی نے شہزادہ متعب بن عبدالعزیز کے انتقال پر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اظہار تعزیت کیا۔

اس کے علاوہ یو اے ای کے شہر الفوجیرہ کے حکمران نے بھی شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ساتھ ہی الفجیرہ کے ولی عہد شیخ محمد بن حماد بن محمد الشرقی نے بھی خادمین حرمین شریفین سے دکھ کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی بادشاہ اور ولی عہد کے درمیان اختلافات کی افواہیں

ادھر یو اے ای کے سپریم کونسل کے رکن اور ریس الخیمہ کے حکمران نے بھی شہزادہ متعب بن عبدالعزیز کے انتقال پر تعزیت کی اور شاہی خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اسی طرح ریس الخیمہ کے ولی عہد شیخ محمد بن سعود بن ساقر القاسمی نے بھی سعوی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں شارجہ کے حکمران شیخ سلطان بن القاسمی نے بھی سعودی شہزادے کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

Read Comments