Dawn News Television

شائع 01 جنوری 2020 01:10am

دنیا بھر میں شاندار آتش بازی سے نئے سال کا استقبال

پاکستان سمیت دنیا بھر میں شاندار آتش بازی سے نئے سال کا آغاز ہوگیا جبکہ کئی ممالک میں آتش بازی کے ساتھ کانسرٹ سے سال نو کے جشن کو گرمایا گیا۔

کراچی سمیت ملک بھر میں سال نو کا شاندار استقبال کیا گیا اور نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے جشن، شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے شہر شہر رنگا رنگ تقریبات اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے کے لیے ساحل سمندر پہنچی۔

نئے سال کا آغاز سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں ہوا جس کے شہر آکلینڈ میں شاندار آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا اور ہزاروں لوگوں نے ہلہ گلہ کرتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

آسٹریلیا میں 12 بجتے ہی سڈنی برج پر شاندار آتش بازی کی گئی جس سے پورا علاقہ رنگ و نور میں نہا گیا۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں آسمان 2020 شروع ہوتے آتش بازی سے منور ہوگیا۔

ہانگ کانگ اور بیجنگ سمیت چین کے مختلف شہر سال نو کے موقع پر روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔

بیجنگ میں جشن کے موقع پرہونے والے کانسرٹ میں حاضرین نے خوب مزہ اٹھایا۔

Read Comments