Dawn News Television

شائع 08 جنوری 2020 04:15pm

ایران کے جوہری پاور پلانٹ کے قریب 4.5 شدت کا زلزلہ

ایران میں 4.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کا مرکز ایران کے واحد جوہری پاور پلانٹ سے محض 50 کلومیٹر دور تھا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کی ویب سائٹ کے مطابق ایرانی شہر بورزجان سے 17کلومیٹر جنوب مشرق میں صبح 6 بجکر 49 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

مزید پڑھیں: ایران کے مغربی علاقے میں زلزلہ، 115 افراد زخمی

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے ارنا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ملک کے واحد جوہری پاور پلانٹ کے مقام بوشہر میں بھی محسوس کیے گئے۔

بوشہر کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے سربراہ جہانگیر دہغنی کے مطابق ابھی تک زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

یاد رہے کہ اس زلزلے سے محض 15 دن قبل ہی مذکورہ علاقے میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور اس سے بھی کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران-عراق سرحد پر 7.3 شدت کا زلزلہ، 415 افراد ہلاک

بوشہر پلانٹ کو روس نے کئی سالوں کے التوا کے بعد مکمل کیا تھا اور ایک ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار کے حامل اس پاور پلانٹ کو ستمبر 2013 میں ایرانی حکام کے سپرد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 2016 میں روس اور ایران کی کمپنیوں نے بوشہر میں ایک ہزار میگا واٹ کے مزید دو پاور پلانٹ کے منصوبوں پر کام شروع کیا تھا۔

Read Comments