Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 فروری 2020 04:37pm

جنسی ہراسانی کے الزام میں بھارتی اداکار کے خلاف مقدمہ

ممبئی: پولیس نے بھارتی اداکار شہباز خان کے خلاف ایک لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہباز خان کے خلاف ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔

اداکار کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 354 (خواتین پر حملہ کرنے کا اس کی عزت کو پامال کرنے کے ارادے) اور سیکشن 509 (کسی لفظ، اشارے یا عمل سے کسی خاتون کی توہین کرنے) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔

پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب شہباز خان نے بھی اب تک کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ شہباز خان بھارتی ڈراموں کے ساتھ ساتھ کئی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا میں خاتون کو جنسی ہراساں کرنے پر بھارتی شہری کو 9 سال قید

انہوں نے 1990 کے ڈرامے 'سوارڈ آف ٹیپو سلطان' کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا۔

اس کے بعد وہ 'سی آئی ڈی'، 'ناگن'، 'کوئی ہے'، 'راون' اور 'نیت' جیسے ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔

وہ بولی وڈ فلموں میں بھی کئی مرتبہ منفی کرداروں میں جلوہ گر ہوئے، ان فلموں میں 'راجو چاچا'، 'قسمت'، 'مستی' اور 'میجر صاحب' وغیرہ شامل ہیں۔

حال ہی میں وہ ٹی وی ڈرامے 'رام سیا کے لو کش' اور 'داستان محبت سلیم انارکلی' میں کام کرتے نظر آئے تھے۔

Read Comments