Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 فروری 2020 05:49pm

وسیم اکرم کی سوانح حیات پر مبنی فلم پر کام جاری

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی زندگی پر مبنی فلم پر کام جاری ہے جو جلد سینما اسکرینز پر نظر آئے گی۔

اس فلم کا نام 'اکرم: این ایرا' (اکرم : ایک دور) رکھا گیا ہے، جس کا پہلا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا۔

ٹیزر کو دیکھ کر اس بات کا باخوبی اندازہ ہورہا ہے کہ یہ فلم کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے بنائی جارہی ہے۔

ٹیزر کے آخر میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان سپر لیگ 5 کے اختتام کے بعد اس فلم کی اوڈیشنز کا آغاز ہوگا۔

دیکھا جائے تو یہ فلم کا ٹیزر نہیں بلکہ اس ویڈیو کے ذریعے فلم کو بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس فلم کی ہدایات عدیل نیازی دیں گے جبکہ اس کی پروڈکشن 502 کمپنی اور پومیلو فلمز کمپنی کرے گی۔

مزید پڑھیں: کرکٹ کے بعد وسیم اکرم فلموں میں نام پیدا کرنے کو تیار؟

یاد رہے کہ گزشتہ سال یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھی کہ کہ وسیم اکرم اور فواد خان جلد ہی ایک کامیڈی فلم میں ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے۔

عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کی رپورٹ تھی کہ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے فلم ساز و اداکار فیصل قریشی کی کامیڈی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ سائن کرلی تھی اور اس فلم میں فواد خان بھی مرکزی کردار نبھائیں گے۔

اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی اس فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

Read Comments