Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2020 03:45pm

شائقین کورونا وائرس پر گانا بنانے پر علی ظفر سے خفا

پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار علی ظفر نے رواں ماہ یکم مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک گانا جاری کرتے ہوئے واقعی 'میلہ لوٹ لیا' تھا جس کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کے لیے بھی ایک گانا جاری کیا۔

علی ظفر نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

گانے کا آغاز کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ 'اس وقت تمام انسانیت ایک بہت بڑے بحران سے گزر رہی ہے، جس سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہے اور کیسے لڑیں گے یہ آپ کو بھائی بتائے گا'۔

اس گانے کے بول کچھ یوں تھے: 'میرے خیالوں پہ چھایا ہے ایک وائرس متوالہ سا، اوپر سے شرمیلا سا اندر شیطان کا سالہ سا، رہتا ہے وہ پاس کہیں، سن لو یہ بکواس نہیں، کوکو کورونا، ہاتھوں کو دھونا'۔

جہاں شائقین کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ہیں وہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے علی ظفر کو ایسا گانا تیار کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

انہوں نے لکھا کہ 'زندگی صحیح چل رہی تھی کہ پھر میں نے علی ظفر کا نیا گانا سنا، یہ اتنا عجیب ہے کہ اب میں کسی کو الزام دے سکتی ہوں کہ صبح اٹھ کر مجھے الٹی کیوں آتی ہے'۔

Read Comments