Dawn News Television

شائع 20 مارچ 2020 02:04pm

دعا ملک کا بھائی فیروز خان کے نقشے قدم پر چلنے کا اعلان

پاکستان کے نامور اداکار فیروز خان نے حال ہی میں شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا جس کے بعد یہ رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ ان کی بہن اداکارہ دعا ملک بھی بھائی کی نقشے قدم پر چلنے کا فیصلہ کرچکی ہیں۔

جس کے بعد دعا ملک نے ایک انٹرویو میں اعلان بھی کیا تھا کہ وہ بھی جلد اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کریں گی اور ان کے بعد ان کی بہن حمیمہ ملک کی باری ہوگی۔

اور اب دعا ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کردی جس میں وہ اپنے سر کو ڈھانپے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیروز خان کا بھی شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان

اس تصویر پر دعا ملک نے لکھا کہ ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، یا اللہ مدد! ایسا کرنے کے لیے بے حد ہمت چاہیے تھی۔ آپ سب بھی ایسا کرسکتی ہیں'۔

انہوں نے اس تصویر کے ساتھ حجاب سے متعلق قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ بھی دیا۔

ویسے دعا ملک نے خود تو اس پوسٹ میں شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے کوئی انکشاف نہیں کیا البتہ ایسا ضرور محسوس ہورہا ہے کے انہوں نے حجاب کرنے کے فیصلے کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرے بس میں ہو تو بہنوں کو انڈسٹری میں کام نہ کرنے دوں، فیروز خان

دعا کی اس تصویر کے حوالے سے ان کی بہن حمیمہ ملک نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’دعا تم ہمیشہ سے میرا سپورٹ رہی ہو اور میں تم سے ہمیشہ متاثر ہوئی، مجھے تم پر بےحد فخر ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اللہ ہم سب کو صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا کرے‘۔

دوسری جانب حمیمہ نے اپنی ٹوئٹ میں دعا کو حجاب کرنے کی مبارکباد بھی دی۔

خیال رہے کہ دعا ملک نے 2014 میں گلوکارہ ہونے کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

وہ کئی ڈراموں کے ٹائٹل گانے گاچکی ہیں جبکہ انہوں نے 2018 کے ڈرامے ’خفا خفا زندگی‘ میں مرکزی کردار بھی نبھایا تھا۔

واضح رہے کہ دعا ملک کے بھائی فیروز خان کا ڈراما ’عشقیا‘ اس وقت اے آر وائے ڈجیٹل پر نشر ہورہا ہے، اس کے علاوہ ان کی فلم ’ٹچ بٹن‘ بھی رواں سال عید پر ریلیز ہوگی۔

مزید پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا 'اداکاری سے کنارہ کشی' کا اعلان

تاہم ان پروجیکٹس کے بعد فیروز خان صرف ان پروجیکٹس کا حصہ بنتے نظر آئیں گے جس کے ذریعے مداحوں کو کوئی مثبت پیغام دیا جائے یا پھر وہ جس کی کہانی روحانیت پر مبنی ہو۔

فیروز خان سے قبل اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

Read Comments