Dawn News Television

شائع 30 اپريل 2020 04:21pm

رشی کپور کے انتقال پر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ہر آنکھ اشکبار

بولی وڈ لینجڈری اداکار رشی کپور کے اچانک انتقال کی خبر نے صرف بولی وڈ ہی نہیں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سمیت مداحوں کو حیران کردیا۔

رشی کپور کا انتقال 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں ہوا۔

ان کے انتقال کے بعد ان کی فیملی کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں مداحوں سے درخواست کی کہ وہ رشی کپور کو مسکراتے ہوئے ہی یاد کریں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اپنے دکھ کر اظہار کررہی ہیں جبکہ اس دوران رشی کپور کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

رشی کپور کی بیٹی ردھیما نے انسٹاگرام پر ان کے ہمراہ ایک تصویر شیئ کی اور اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ میرا سب سے مضبوط سہارا تھے، میں آپ کو ہر دن یاد کروں گی، جب تک میں آپ سے دوبارہ نہ مل سکوں‘۔

کرشمہ کپور نے لکھا کہ رشی کپور ہمیشہ خاندان کا خیال کرتے تھے۔

موسیقار سلیم مارچنٹ نے لکھا کہ رشی کپور کی موت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔

اکشے کمار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم کوئی برا خواب دیکھ رہے ہیں، رشی جی کے انتقال کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا، وہ لیجنڈ تھے، ایک بہترین ساتھی اداکار اور ہمارے خاندان کے بہت اچھے دوست‘۔

اداکارہ پریانکا نے اس دوران رشی کپور اور نیتوسنگھ کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’میرا دل بہت بھاری ہورہا ہے، یہ ایک دور کا اختتام ہے، رشی جی آپ کے جیسا ٹیلنٹ دوبارہ مل نہیں سکتا، آپ کو تھوڑا سا جاننا بھی خوش قسمتی ہے‘۔

رنویر سنگھ نے رشی کپور کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرکے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

اداکارہ ماورہ حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ رشی کپور ہمیشہ ہی ایک لیجنڈ رہیں گے۔

اجے دیوگن نے لکھا کہ ’رشی جی کے انتقال کی خبر ایسی ہی ہے جیسے کسی نے میرے دل میں خنجر گھونپ دیا ہو، ہم نے 2000 میں فلم راجو چاچا میں ایک ساتھ کام کیا اور تب سے اب تک رابطے میں رہے، میں ان کی فیملی نیتو جی، رنبیر، ردھیما سے تعزیت کرتا ہوں‘۔

اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رشی کپور کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

رشی کپور کے ساتھ 2018 کی فلم ’ملک‘ میں کام کرنے والی تاپشی پنو نے بھی اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دو فلموں میں ساتھ کام کیا اور ہماری ہیٹرک رہ گئی، امید ہے ان سے پھر کہیں ملاقات ہوگی اور اس ہی طرح مسکراتے ہوئے وہ گلے لگا لیں گے۔

عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم نے آج ایک بہترین اداکار کھو دیا، ہماری زندگیوں میں خوشی لانے کے لیے آپ کا شکریہ، آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘۔

سلمان خان نے لکھا کہ ’چنٹو سر کہا سنا معاف‘، انہوں نے رشی کپور کے خاندان سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

سونم کپور نے رشی کپور کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ انہیں دکھ ہے کہ وہ رشی کپور سے آخری مرتبہ صحیح سے مل کر علوداع بھی نہیں کہہ سکیں۔

سوناکشی سنہا نے بھی رشی کپور کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور لکھا کہ ان کی یادوں کا بےحد شکریہ۔

زارا نور عباس نے رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی فلم کے ایک گانے کے بول شیئر کیے۔

شان شاہد کے مطابق رشی کپور ایک آئکن تھے جن کی فلموں کو کوئی نہیں بھول سکتا۔

Read Comments