Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 مئ 2020 01:16am

عرفان خان اور رشی کپور کے بعد بولی وڈ میں ایک اور موت

بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کے سی ای او کلمیت مکر 60 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کلمیت مکر کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بولی وڈ سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا۔

فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کلمیت تم پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کا مضبوط سہارا تھے، انڈسٹری کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد میں مصروف رہے، تم اس دنیا سے بہت جلدی چلے گئے، ہم سب کو تم ہمیشہ یاد رہو گے‘۔

ہدایت کار ہنسل مہتا نے اپنی ٹوئٹ میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور اب کلمیت، میرے دوست تم سکون میں رہو‘۔

فرحان اختر نے بھی ان کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

فلم ساز سبھاش گھائے نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بولی وڈ کو ایک اور جھٹکا، کلمیت مکر کا دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہوگیا، ہمارا دوست جو انڈسٹری کی آواز تھا، ہم سب آپ کو یاد رکھیں گے‘۔

خیال رہے کہ یہ بولی وڈ میں لگاتار ایک ہفتے میں تیسری موت ہے۔

نامور اداکار عرفان خان کا انتقال 29 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، اداکار کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کرایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا۔

اس کے اگلے ہی روز یعنی 30 اپریل کو لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال کی خبر سامنے آگئی۔

رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے تھے۔

رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوا۔

Read Comments