Dawn News Television

شائع 02 مئ 2020 05:48pm

رشی کپور میرے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند تھے، میرا

پاکستان کی نامور اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر آنجہانی بولی وڈ اداکار رشی کپور کے لیے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ رشی کپور ان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند تھے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنی ویڈیو میں میرا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بولی وڈ فلم ’نظر‘ کی شوٹنگ کے دوران بھارتی میں رشی کپور سے ملی تھیں۔

میرا کا کہنا تھا کہ ’فلم نظر کی شوٹنگ کے دوران بومبے میں میری رشی کپور سے ملاقات ہوئی، وہاں ان کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، ان کا انداز گفتگو بہت دوستانہ تھا، وہ بہت ہمدرد تھے، ہمیشہ مدد کے لیے تیار رہتے تھے‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’رشی کپور نے میرے بارے میں جانا، میرے کام کی تعریف کی اور میری حوصلہ افزائی کی، انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے جیسے بڑے اور اچھے اسٹارز کے ساتھ کام کرنا چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

میرا کے مطابق ’دبئی میں بھی ان سے ملاقات ہوئی، بہت ساری باتیں کی اور انہوں نے میرے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، میری بھی خواہش تھی کہ میں ان کے ساتھ کام کروں‘۔

اداکارہ نے ویڈیو میں بتایا کہ ’مجھے ان کے انتقال کی خبر ملی، مجھے شدید صدمہ پہنچا، مجھے بہت دکھ ہوا، وہ بہت عظیم اداکار تھے، بہت بڑے اداکار، اس صدی کے بہت بڑے اداکار‘۔

یاد رہے کہ 30 اپریل 2020 کو رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور کے انتقال پر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ہر آنکھ اشکبار

ان کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس میں درخواست کی تھی کہ مداح رشی کپور کو مسکراتے ہوئے یاد کریں۔

رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں 29 اپریل کی رات سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے تھے تاہم اس وقت انہوں نے اپنی بیماری کی تصدیق نہیں کی تھی۔

بعدازاں جنوری 2019 میں ان کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے امریکا میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم بیماری کے حوالے سے اس وقت بھی نہیں بتایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: رشی کپور نے ہسپتال میں اپنی آخری ویڈیو میں مداحوں کو کیا پیغام دیا؟

تاہم ٹھیک ایک سال قبل اپریل میں فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے تھے۔

ماضی میں بحیثیت ہیرو رشی کپور اپنی رومانوی اداکاری کے باعث جانے جاتے تھے، انہوں نے بوبی، امر اکبر اینتھونی، چاندنی۔ قلی، لیلیٰ مجنو، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔

حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہولی وڈ فلم ’دی انٹرن‘ کی بولی وڈ ریمیک کا حصہ ہیں جس میں دپیکا پڈوکون بھی کام کررہی ہیں۔

Read Comments