Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 جون 2020 05:20pm

آئمہ بیگ اور ہادی اپل کے ہسپانوی امتزاج کے گانے کی دھوم

معروف گلوکار ہادی اپل اور آئمہ بیگ نے ہسپانوی زبان کے امتزاج پر مبنی اپنے نئے گانے (تے کیریو) کو جاری کردیا۔

دونوں گلوکاروں نے پہلی بار اپنے گانے میں ہسپانوی زبان کے کچھ الفاظ شامل کیے ہیں اور دونوں کے اس گانے کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

آئمہ بیگ اور ہادی اپل نے اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے امید کا اظہار کیا کہ وہ ان کے گانے کو پسند کریں گے۔

گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی پوسٹ میں گانے کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے مذکورہ گانے کو تیار کرنے میں بہت محنت کی، اس میں انہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ مشکلات بھی پیش آئیں اور انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ وقت پر گانے کو ریلیز نہیں کر سکیں گے۔

آئمہ بیگ کے مطابق ٹیم کی ان تھک محنت کے بعد ( تے کیریو) کو جاری کردیا گیا اور انہیں یقین ہے کہ مداحوں کو ان کا اور ہادی اپل کا یہ گانا ضرور پسند آئے گا۔

دوسری جانب ہادی اپل نے بھی اپنی پوسٹ میں گانے کی تیاری میں ساتھ نبھانے پر آئمہ بیگ اور دوسرے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ مداحوں کو ان کا گانا ضرور پسند آئے گا۔

( تے کیریو) گانے میں اردو زبان کے ساتھ ہسپانوی زبان کے چند الفاظ شامل کیے گئے ہیں۔

جن ہسپانوی زبان کے الفاظ کو شامل کیا گیا ہے، وہ محبت کے اظہار، محبوب کو یاد کرنے اور اظہار عشق کے جذبات کو بیان کرتے ہیں۔

دونوں گلوکاروں نے گانے کا عنوان بھی اردو کے بجائے ہسپانوی زبان میں رکھا ہے اور ان کے گانے کا عنوان ( تے کیریو) ہے جس کا انگریزی میں مطلب (آئی لو یو) جب کہ اردو میں اظہار محبت ہے۔

ان گلوکاروں کے ہسپانوی امتزاج کے گانے کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے 12 گھنٹوں میں ہی یوٹیوب پر 40 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

Read Comments