Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 جون 2020 09:47pm

پاکستانی شہری کو گاڑی سے کچلنے والے بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا جس کے بعد کمیشن کے دو اہلکاروں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار صبح اسلام آباد میں تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے جس کے نتیجے میں ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کی گاڑی اور کار میں تصادم، خاتون ہلاک

سیاہ بی ایم ڈبلیو میں سوار بھارتی اہلکاروں نے حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن موقع پر موجود افراد نے انہیں پکڑ کر اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے نام سلواڈیس پال اور دوامو گراہمو ہیں اور ان کی گاڑی سے ٹکر سے زخمی ہونے والی شہری کی حالت نازک ہے۔

اسلام آباد پولیس نے بھارتی سفارتکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مقدمہ شہری کو کچلنے کے بعد فرار ہونے کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایک بھارتی اہلکار سے 10 ہزار روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی نکلی جس کے بعد ایف آئی آر میں جعلی کرنسی کی دفعات بھی شامل کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے دو افراد زخمی

دوسری جانب بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے دو اہلکاروں کی گمشدگی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ دو اہلکار صبح 8بج کر 32منٹ پر ہائی کمیشن سے باہر نکلے لیکن یہ دونوں اہلکار تاحال اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکے۔

تھانہ سیکرٹریٹ میں دونوں اہلکاروں کی حراست کی اطلاع پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر حکام پہنچے تھے اور تھانے پہنچ کر بھارتی سینئر سفارتکاروں نے ایس ایچ او کو گمشدگی کا خط تھما دیا۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی پولیس ہمارے گمشدہ اہلکاروں کو تلاش کرے۔

ادھر ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو ہائی کمیشن کے سفارتی عملے کے حوالے کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے رہا کیا گیا۔

دوسری جانب بھارت نے پاکستان میں ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے پر پاکستانی ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، نمازِ جنازہ ادا

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں پاکستانی ناظم الامور سید حیدر شاہ کو طلب کر کے اپنے ہائی کمیشن کے دو افراد کی گرفتاری پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ دونوں اہلکاروں کو گاڑی سمیت ہائی کمیشن کو فوری طور پر واپس کیا جائے۔

وزارت خارجہ نے ناظم الامور کو باور کرایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی حفاظت اور سیکیورٹی کی مکمل ذمے داری پاکستان پر عائد ہوتی ہے۔

Read Comments