Dawn News Television

شائع 18 جولائ 2020 12:41am

برطانوی شہزادی بیٹرس کی بزنس ٹائیکون سے شادی

برطانیہ کی شہزادی بیٹرس نے بزنس ٹائیکون ایڈورڈو ماپیلی موزی سے نجی تقریب میں شادی کرلی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق شادی انتہائی سادگی سے ونڈسر میں ہوئی جس میں ملکہ برطانیہ اور خاندان کے چند افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقاد رائل لوج میں آل سینٹس کے رائل چیپل میں کیا گیا تھا۔

دونوں کی شادی 29 مئی کو طے پائی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، جبکہ شادی کی حتمی تاریخ کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری کی شاہی حیثیت سے دستبرداری کی حمایت کردی

بکنگھم محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شادی کی تقریب 'چھوٹی' تھی جبکہ شادی حکومت کے تمام قواعد و ضوابط کے مطابق ہوئی۔

ملکہ الیزبتھ دوئم کی پوتی شہزادی بیٹرس اور ایڈورڈو ماپیلی موزی کے درمیان 2018 میں قربتیں بڑھی تھیں اور دونوں نے گزشتہ سال ستمبر میں اٹلی میں منگنی کرلی تھی۔

دونوں خاندان کئی سالوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں جبکہ ایڈورڈو ماپیلی موزی کا سابق منگیتر سے ایک بیٹا بھی ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ میں 23 مارچ سے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد سے ہر طرح کی شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ملکہ برطانیہ نے شاہی محل چھوڑ دیا

تاہم 4 جولائی کے بعد سے 30 لوگوں پر مشتمل تقاریب کی اجازت دے دی گئی تھی۔

ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر ونڈسر میں مارچ سے آئیسولیٹ ہیں اور اس وقت سے اب تک یہ خاندان کی پہلی تقریب تھی جس میں دونوں نے شرکت کی۔

Read Comments