Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2020 09:53pm

میکسیکو: سیلفی لینے والے بھالو کے تحفظ کے لیے آن لائن پٹیشن دائر

میکسیکو میں ہردلعزیز اور سیلفی بنوانے والے بھالو کو پھنسنے سے بچانے اور اس کے تحفظ کے لیے آن لائن مہم شروع کردی گئی ہے۔

کالا بھالو گزشتہ ہفتے اس وقت مشہور ہو گیا تھا جب اس کی ایک فوٹیج آن لائن پوسٹ کی گئی تھی جس میں اسے میکسیکو کے چپنک ایکولوجیکل پارک میں ہائیکر کے ہمراہ سیلفی لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھالو کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے اس کو پکڑنے کے درست طریقے منتخب کیے ہیں۔

حکومت کے اس اقدام کے خلاف آن لائن پٹیشن دائر کی گئی جس پر اب تک ایک لاکھ 35 ہزار افراد دستخط کر چکے ہیں اور بھالو کو اسی طرح تنہا آزاد فضا میں رہنے دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کہا گیا کہ بھالو کو کہیں قید کرنے کے بجائے کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کو اس علاقے سے دور رکھا جائے جہاں یہ بھالو موجود ہے۔

یہ بھالو ہائیکرز کے پاس پہنچا تھا اور دو پیروں پر چل کر اس نے ان لوگوں کا جائزہ لیا تھا۔

اس کے بعد بھالو کو بظاہر خاتون کے کندھے پر سر رکھ کر سیلفی لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور یہ تصویر بے انتہا مقبول ہوئی تھی۔

Read Comments