Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اگست 2020 12:38pm

سنجے دت کی آنے والی فلم ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کا منفرد بدترین ریکارڈ

حال ہی میں کینسر میں مبتلا ہونے والے 61 سالہ بولی وڈ بابا سنجے دت اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی آنے والی رومانٹک تھرلر فلم ’سڑک 2‘ نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

’سڑک 2‘ کے ٹریلر کو 5 دن قبل 12 اگست کو ہی ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق 15 اگست تک ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔

عالیہ بھٹ، ادیتیہ رائے کپور، سنجے دت اور پوجا بھٹ جیسی کاسٹ پر مبنی فلم کےٹریلر کی ویڈیو یوٹیوب پر ڈس لائیک (ناپسند) کی جانے والی دنیا کی تیسری بڑی ویڈیو بھی بن گئی۔

’سڑک 2‘ سے آگے صرف دو ہی ویڈیوز ایسی ہیں جنہیں یوٹیوب پر سب سے زیادہ ناپسند کیا گیا ہے۔

مذکورہ دو ویڈیوز میں دوسرے نمبر پر کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے گانے (بے بی) کی ویڈیو ہے، جسے 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

تاہم 17 اگست تک ’سڑک 2‘ نے جسٹن بیبر کے گانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

جسٹن بیبر کی ویڈیو نے گزشتہ ایک دہائی میں 15 اگست تک یوٹیوب پر 11 ملین ایک کروڑ 10 لاکھ ڈس لائیک حاصل کیے تھے تاہم 17 اگست تک ’سڑک 2‘ کا ٹریلر ڈس لائیک میں گلوکار کے گانے سے آگے نکل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ فلم سڑک 2 کا گانا ’عشق کمال‘ پاکستانی گانے کی کاپی نکلا؟

17 اگست کی صبح تک ’سڑک 2‘ نے یوٹیوب پر ایک کروڑ 10 لاکھ ڈس لائیک (ناپسند) حاصل کیے تھے۔

’سڑک 2‘ جہاں 17 اگست تک دنیا بھر میں یوٹیوب پر ناپسند کی جانے والی دوسری ویڈیو بن چکی تھی، وہیں وہ بھارت میں پہلے نمبر پر ناپسند کی جانے والی ویڈیو بن چکی تھی۔

جسٹن بیبر کے گانے اور ’سڑک 2‘ کے ٹریلر سے آگے یوٹیوب کی 2018 میں جاری کی گئی اپنی روائنڈ ویڈیو ہے، جسے اب تک ایک کروڑ 80 لاکھ بار ناپسند کیا جا چکا ہے۔

تاہم یوٹیوب کی آفیشل ویڈیو نے بھی یہ سنگ میل 2 سال میں حاصل کیا جب کہ ’سڑک 2‘ نے یہ اعزاز محض 5 دن میں حاصل کیا۔

’سڑک 2‘ کو سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور فلم ساز مہیش بھٹ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے فلم میں اقربا پروری کے فروغ کو ثابت کیا۔

فلم ساز مہیش بھٹ نے اپنی فلم میں دونوں بیٹیوں عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ سمیت ادیتیہ رائے کپور اور سنجے دت جیسے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے۔

جب کہ یہ خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں کہ ابتدائی طور پر مہیش بھٹ نے سڑک 2 کے لیے سشانت سنگھ کو کاسٹ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے اسے پورا نہیں کیا۔

لیکن مہیش بھٹ نے گزشتہ ماہ ممبئی پولیس کو دیے گئے بیان میں واضح کیا تھا کہ انہوں نے سشانت سنگھ کو سڑک 2 میں کاسٹ نہیں کیا تھا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات ہوئی تھی۔

سڑک 2 کو رواں ماہ 28 اگست کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی ہوٹ اسٹار پر ریلیز کیا جائے گا۔

Read Comments