لائف اسٹائل

دبنگ خان کا ستارہ گردش میں

اداکار کی پہلے ہِٹ اینڈ رَن کیس میں پکڑائی ہوئی تو اب برطانوی سرکار نے انہیں ویزا دینے سے ہی انکار کردیا ہے۔

بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کا ستارہ آج کل گردش میں ہے۔ پہلے ہِٹ اینڈ رَن کیس میں پکڑائی ہوئی تو اب برطانوی سرکار نے انہیں ویزا دینے سے ہی انکار کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینتالیس سالہ اداکار کو ساجد نادیا والا کی فلم کک کی شوٹنگ کے لیے برطانیہ جانا تھا تاہم اب ویزا درخواست مسترد ہونے کے بعد فلم کی شوٹنگ میں تاخیر کا امکان ہے۔

اس حوالے سے کوئی وجہ بھی نہیں جانتا کہ چلبل پانڈے نے ایسا کیا کر دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ویزا نہیں مل پایا۔

تاہم کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ سلمان خان کو اپنے ملک میں مقدمے کا سامنا ہے شاید ویزا نہ ملنے کی وجہ یہ ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ نے اپنے قوانین میں بہت زیادہ سختی کردی ہے جس کی وجہ سے ویزا حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے، اگر کسی پر مقدمہ چل رہا ہو تو یہ اس کی پوزیشن کو متاثر کرتا ہے۔

سلمان خان کے خلاف بھی مقدمہ چل رہا ہے جس کی اگلی سماعت انیس اگست کو ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان اگلے ہفتے پھر برطانوی ویزے کے لیے درخواست جمع کرائیں گے تاہم نہیں کہا جاسکتا کہ الزامات کے ساتھ وہ برطانوی ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے یا نہیں۔

دوسری جانب دبنگ خان کے والد سلیم خان نے ہندوستانی میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان کے پاس پہلے سے ہی دس سال کا برطانیہ کا سیاحتی ویزا ہے۔

انھوں نے کہا کہ برطانوی سفارت خانے نے ورک ویزا کے لیے کچھ دستاویزات مانگی ہیں جو انھیں جلد فراہم کردی جائیں گی۔