Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2020 04:58pm

آریانا گرانڈے انسٹاگرام پر 20 کروڑ فالوورز والی پہلی خاتون

کبھی آپ نے سوچا ہے کہ جتنی پاکستان کی آبادی ہے، اس سے زیادہ پرتگال کے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے انسٹاگرام پر فالوورز ہیں؟

جہاں اب تک کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پر 23 کروڑ 70 لاکھ فالوور رکھنے والے دنیا کے پہلے مرد اور شخصیت ہیں، وہیں اب امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے بھی 20 کروڑ فالوؤر والی پہلی خاتون بن گئیں۔

جی ہاں 27 سالہ گلوکارہ آریانا گرانڈے رواں ہفتے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوؤرز رکھنے والی خاتون بنیں۔

آریانا گرانڈے کی مقبولیت میں گزشتہ چند ماہ میں تیزی سے اضافہ ہوا اور وہ جہاں 20 کروڑ فالوورز والی پہلی خاتون بنیں، وہیں وہ اب تک سب سے کم عمر شوبز شخصیت بھی ہیں جن کے اتنے فالوؤرز ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ارب پتی سپر ماڈل اور بیوٹی کاسمیٹک کی مالک 22 سالہ کایلی جینر اور ریئلٹی اسٹار کم کارڈیشین بھی آریانا گرانڈے سے انسٹاگرام فالوورز کے حوالے سے پیچھے ہیں۔

اس وقت انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوؤرز خود انسٹاگرام کے آفیشل پیج پر ہیں، جس کے فالوورز کی تعداد 36 کروڑ سے زائد ہے۔

فالوؤرز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ہیں جب کہ تیسرے نمبر پر آریانا گرانڈے آگئیں۔

فالوؤرز کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہولی وڈ ایکشن اداکارڈیوائن جونسن ہیں جن کے فالوورز کی تعداد یکم ستمبر کی صبح تک 19 کروڑ 60 لاکھ تھی۔

اس کے بعد ارب پتی اور بیوٹی کاسمیٹک کی مالک کایلی جینر ہیں، جن کے انسٹاگرام پر یکم ستمبر کی صبح تک 19 کروڑ 30 لاکھ فالوورز تھے۔

کایلی جینر کے بعد گلوکارہ سیلینا گومز فالوورز کے حوالے سے چھٹے نمبر پر ہیں، جن کے یکم ستمبر تک 19 کروڑ فالوؤرز تھے۔

یکم ستمبر تک کم کارڈیشین 18 کروڑ 70 لاکھ فالوؤرز کے ساتھ ساتویں نمبر پر جب کہ لیونل میسی 16 کروڑ 60 لاکھ کے ساتھ آٹھویں نمبر پر تھے۔

نویں نمبر پر 15 کروڑ 30 لاکھ فالوورز کے ساتھ گلوکارہ بیونسے تھیں جب کہ دسویں نمبر پر گلوکار جسٹن بیبر تھے، جن کے فالوؤرز کی تعداد 14 کروڑ 60 لاکھ تھی۔

Read Comments