Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2020 06:41pm

امیتابھ بچن ایمازون الیکسا کی آواز بننے کے لیے تیار

بولی وڈ کے مقبول ترین اداکار امیتابھ بچن ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کے ورچوئل اسسٹنٹ الیکسا کی آواز بننے کے لیے تیار ہیں۔

ایمازون نے انکشاف کیا ہے کہ 'منفرد سیلیبریٹی آواز کے تجربے' کا فیچر بھارت میں اگلے سال فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں ایمازون نے یہ اعلان کیا۔

ایمازون نے کہا کہ اس میں مختلف پیشکش جیسا کہ لطیفے، موسم کا حال، شاعری، اقوال، مشورے اور دیگر چیزیں شامل ہوں گی۔

مزید پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص، ہسپتال منتقل

الیکسا ایمازون انڈیا کے لیڈر پنیش کمار نے کہا کہ امیتابھ بچن کی آواز بولی وڈ کے ساتھ بڑے ہونے والے ہر بھارتی شہری کے لیے یادگار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے صارفین کی زندگی مزید آسان ہوگی، ہم یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں کہ صارفین کا کیا ردعمل ہوگا جب وہ الیکسا استعمال کریں گے اور امیتابھ بچن کی آواز سنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر رسیدہ افراد کو کام کی اجازت ملنے کے بعد امیتابھ بچن نے بھی کام شروع کردیا

امیتابھ بچن نے 2010 میں ووکل بلاگنگ کا آغاز بچن بول بچن اسپیک سے کیا تھا جس کے ذریعے ان کے مداح صرف ایک بٹن دبا کر ان کے پہلے سے ریکارڈ کیے گئے پیغامات سن سکتے تھے۔

خیال رہے کہ جولائی میں امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک، بہو ایشوریا رائے میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہسپتال میں داخل ہوئے اور جلد ہی صحتیاب ہوگئے تھے۔

جس کے بعد گزشتہ ماہ انہوں نے بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ پابندیوں میں کمی کے بعد انہوں نے کون بنے گا کروڑ پتی کی شوٹنگ بھی دوبارہ شروع کی تھی۔

Read Comments