Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2020 08:02pm

ماڈل رحمت اجمل نے منگنی کرلی

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل رحمت اجمل نے ایک سادہ سی تقریب میں منگنی کرلی۔

رواں برس مقبول ہونے والے پاکستانی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں عائشہ نامی لڑکی کا کردار ادا کرنے والی رحمت اجمل نے اپنے گھر میں منعقد ایک تقریب میں منگنی کی۔

ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل کی منگنی کی تقریب میں دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

رحمت اجمل کے منگیتر نے منفرد انداز اپناتے ہوئے انہیں انگوٹھی پہنائی اور ان کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہورہی ہیں۔

پاکستانی ماڈل کے منگیتر کا نام طیب سلیم ہے اور دونوں شادی کب کرنے جارہے ہیں اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

رحمت اجمل نے اے لیول کرنے کے بعد لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے 2018 میں ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا تھا۔

ایک ٹیچر کے مشورے پر دوران تعلیم انہوں نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور بعدازاں اداکاری کے میدان بھی قسمت آزمائی۔

رحمت اجمل نے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کی 2 میوزک ویڈیوز ’دل لگائیں’ اور ‘دل کی خیر میں اداکاری کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے رواں برس مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنانے والے ڈرامے میں مہوش (عائزہ خان) کی دوست عائشہ کا کردار ادا کیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی وہ ایک آن لائن کلاتھنگ اینڈ ڈیکور اسٹور رہسٹور (Rehstore) کی بانی بھی ہیں۔

Read Comments