Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2020 02:32pm

کم عمری میں رشتے دار نے جنسی استحصال کیا، بیٹی عامر خان

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان بچوں کے جنسی استحصال اور دیگر سماجی مسائل پر کافی مستعد نظر آتے ہیں اور گزشتہ کئی برس کے دوران وہ اس حوالے سے مختلف مہمات اور پروگرام کا حصہ بھی رہے ہیں۔

تاہم اب ان کی نوجوان بیٹی ارا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انتہائی کم عمری میں اپنے ہی رشتہ داروں نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور جب ان کا استحصال کیا گیا، اس وقت انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

ارا خان نے پہلی بار سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح کی پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔

ارا خان نے مختصر ویڈیو کے بہت بڑے دورانیے میں اپنی زندگی کی آسائشوں پر بات کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں تمام آسائشیں اور خوشیاں اپنے والدین کی وجہ سے ہی ملیں۔

انہوں نے امیر والدین اور دوستوں کو زندگی کا بہت بڑا سرمایہ اور غنیمت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بہت سارے لوگ یہ جانتے ہیں کہ عامر خان کی بیٹی ایک پرسکون خوشیوں بھری زندگی گزار ر ہی ہیں، تاہم درحقیقت ایسا نہیں۔

انہوں نے انتہائی کم عمری میں ذہنی پریشانیوں کے شکار ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اگرچہ ان کی کم عمری میں ہی ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت متاثر نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان کی بیٹی کے ساتھ نامناسب تصویر پر لوگ برہم

انہوں نے بتایا کہ جب وہ محض 6 سال کی تھیں تو انہیں ٹی بی لاحق ہوگیا اور ان کا پھیپھڑا متاثر ہوا، لیکن خوش قسمتی سے وہ ٹی بی جان لیوا نہیں تھا۔

ان کے مطابق ٹی بی کے باعث بھی انہیں ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑا، لیکن اس باوجود وہ ہمیشہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھیں اور انہیں سمجھ نہیں آتا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟

ارا خان نے بتایا کہ وہ کلاس روم سے نکل کر باتھ روم چلی جاتی تھیں، جہاں وہ رو کر دل کا بار ہلکا کر لیتی تھیں، تاہم کم عمری کے باعث انہیں کبھی یہ سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے اور وہ کیوں ذہنی انتشار کا شکار رہتی ہیں۔

ارا خان نے ویڈیو میں انکشاف کیا کہ جب وہ محض 14 سال کی تھیں تو ان کے قریبی رشتہ داروں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا، لیکن اس وقت کم عمری کی وجہ سے وہ اس استحصال کو سمجھ نہیں پائی تھیں۔

ارا خان کے مطابق جن رشتے داروں نے ان کا استحصال کیا، انہیں بخوبی علم تھا کہ وہ ان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، لیکن انہیں ان کی نیت اور عمل کو سمجھنے میں دیر لگی۔

عامر خان کی بیٹی نے بتایا کہ جب انہیں دیر سے سمجھ آگئی تو وہ اپنے رشتہ داروں سے دور ہوگئیں اور اس واقعے کو بھول گئیں، لیکن خود سے سوال کرتی رہیں کہ انہوں نے رشتے داروں کو ایسا کیوں کرنے دیا؟

مزید پڑھیں: عامر خان کی بیٹی بھی کلاس فیلو کو 'دل دے بیٹھیں'

ارا خان کے مطابق مذکورہ واقعے کے گزرنے کے کچھ عرصے بعد وہ اس ڈپریشن سے نکل گئیں لیکن پھر بھی ہمیشہ ان کے ذہن میں انتشار رہا اور انہیں آج تک سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ذہنی انتشار کا سبب کیا تھا؟

انہوں نے ویڈیو میں یہ بات بھی واضح نہیں کہ انہیں جنسی ہراسانی کرنے والے قریبی رشتے دار کون تھے؟

ارا خان بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بڑی بیٹی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں۔

ارا خان کی والدہ سابق اداکارہ رینا دتا ہیں، جن سے عامر خان نے 1986 میں شادی کی تھی اور انہیں پہلی اہلیہ سے بیٹا جنید خان بھی ہے اور ارا خان اپنے بھائی سے کم عمر ہیں۔

عامر خان اور رینا دتا کے درمیان 2002 میں طلاق ہوگئی تھی، مسٹر پرفیکشنسٹ نے دوسری شادی فلم ساز کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان بھی بیٹے کو فلموں میں لانے کے لیے کوشاں

عامر خان اور کرن راؤ کے ہاں 2011 میں بیٹا پیدا ہوا، جس کا نام آزاد راؤ خان رکھا گیا۔

عامر خان کے مجموعی طور پر تین بچے ہیں، جن میں بیٹی صرف ارا خان ہیں، گزشتہ سال جون میں خبریں آئی تھیں کہ ارا خان نے کلاس فیلو مشال کرپلانی سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔

Read Comments