Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2020 08:23pm

اداکارہ رباب ہاشم کی شادی کی تقریبات کا آغاز

پاکستانی اداکارہ رباب ہاشم بھی شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں اور ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

رباب ہاشم نے انسٹاگرام پر اپنی مایوں کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں اور فالوورز کو حیران کردیا۔

اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی مایوں کی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ پیلے رنگ کے سادہ سے لباس میں ملبوس ہیں اور ان کے ہاتھوں پر مہندی لگی ہوئی ہے۔

رباب ہاشم کی پوسٹس پر مداحوں نے انہیں شادی کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

علاوہ ازیں اداکارہ صحیفہ جبار خٹک، ایمن خان اور نور حسن کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد دی گئی۔

تاہم انہوں نے ابتدائی طور پر اپنی پوسٹس میں شادی کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا نہ ہی یہ بتایا تھا کہ ان کے ہونے والے شوہر کون ہیں۔

بعدازاں انہوں نے اپنے ہونے والے شوہر صہیب شمشاد کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔

دوسری جانب ان کے فوٹوگرافر نے بھی انسٹاگرام پر رباب ہاشم کی مایوں کی مختلف تصاویر شیئر کیں۔

فوٹوگرافر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک اور پوسٹ میں کہا گیا کہ رباب ہاشم کا دلہا کون ہے یہ جاننے کے لیے ایک دن کا انتظار کریں۔

علاوہ ازیں کراچی میں میرج بیورو چلانے والی مشہور خاتون مسز خان نے بھی چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی کہ انہوں نے رباب ہاشم کا جوڑ ڈھونڈ لیا ہے۔

انہوں نے رباب ہاشم اور ان کے ہونے والے شوہر صہیب کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

Read Comments