Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2020 04:59pm

جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

معروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے۔

جبران ناصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر، پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ کا اکاؤنٹ ہیک ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'آج میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا اور میں اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہا'۔

مزید پڑھیں: نعمان اعجاز کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے مزید لکھا کہ میرے چند دوستوں کو بھی یہی مسئلہ درپیش ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی عجیب پیغام سے بچیں جو کوئی کوڈ مانگے چاہے وہ پیغام آپ کے کسی جاننے والے شخص نے ہی کیوں نہ بھیجا ہو۔

معروف سماجی کارکن نے یہ بھی کہا کہ ان کے واٹس ایپ سے کسی بھی پیغام کو قبول نہ کریں کیونکہ اسے اب ایک ہیکر استعمال کررہا ہے۔

بعدازاں جبران ناصر نے یہ بھی بتایا کہ آخر ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کیسے ہیک ہوا۔

انہوں نے ایک علیحدہ ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے اپنے کزن کے نمبر سے ایک واٹس ایپ میسج ملا کہ میں اسے ایک کوڈ بھیجوں کیونکہ انہوں نے غلطی سے میرا نمبر دے دیا تھا۔

جبران ناصر نے لکھا کہ میں نے ایس ایم ایس دیکھا کہ مجھے ایک ایسے نمبر سے کوڈ موصول ہوا ہے جس سے مجھے ماضی میں مختلف ایپس کے نوٹی فکیشن بھیجے جاچکے ہیں تو اسے درست سمجھتے ہوئے میں نے اپنے کزن کو کوڈ بھیجا اور میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا‘

خیال رہے کہ جبران ناصر سے قبل بھی متعدد شوبز، کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوچکے ہیں۔

رواں برس اکتوبر میں اداکار نعمان اعجاز کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرکے معطل کردیا گیا تھا اور اس سے قبل اداکارہ میرا نے بھی کہا تھا کہ وہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہیں۔

Read Comments