Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2020 06:20pm

عاطف اسلم جنوری 2021 میں دبئی میں کنسرٹ کریں گے

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں سنیماز بند ہونے اور کنسرٹس نہ ہونے کی وجہ سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کافی زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

کچھ ممالک میں کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کنسرٹس ہوئے تھے جن میں سے کچھ وبا کے پھیلاؤ کا باعث بھی بنے۔

اب خبریں ہیں کہ پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم آئندہ برس 2021 میں دبئی میں ایک میوزک کنسرٹ کریں گے۔

جو 2020 میں کورونا کی وبا کے بعد دبئی میں ہونے والا شاید پہلا کنسرٹ ہوگا جہاں اس مرض کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق گلوکار عاطف اسلم 15 جنوری کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والے دبئی شاپنگ فیسٹیول میں کنسرٹ کریں گے۔

عالمی وبا کے باوجود ہونے والا یہ کنسرٹ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے شیخ رشید ہال میں ہوگا۔

اس میوزک کنسرٹ کا اہتمام بلیو بلڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے، جس کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شائستہ خان نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ لائیو ایونٹ میں تمام ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گہا کہ 'کنسرٹ میں دبئی حکومت کی ہدایات کے ساتھ کورونا وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تجاویز پر بھی عمل کیا جائے گا'۔

مزید کہا گیا کہ 'ہم سینیٹائزنگ، درجہ حرارت چیک کرنے اور سماجی فاصلے سمیت کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے صحت و تحفظ سے متعلق تمام ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے'۔

یہ کنسرٹ جہاں منعقد ہوگا اس ہال میں 4 ہزار 400 افراد کی جگہ موجود ہے جسے کم کرکے صرف 1400 افراد کو آنے کی اجازت دی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی کنسرٹ میں موجود شرکا اور عملے کے تمام افراد کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔

Read Comments