Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2020 10:50pm

اداکارہ صرحا اصغر نے بھی خاموشی سے نکاح کرلیا

سال 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث کئی پاکستانی شوبز ستاروں نے اچانک شادی کرکے مداحوں کو حیران کیا۔

اور اب پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ صرحا اصغر نے بھی سال کے آخری دنوں میں خاموشی سے نکاح کرلیا۔

اداکارہ صرحا اصغر نے بھی دیگر شوبز ستاروں کی بنائی گئی نئی روایت کے تحت انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصاویر اور مختلفف ویڈیوز شیئر کیں۔

صرحا اصغر کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ہیں جن میں انہوں سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا ہے۔

انہوں نے اپنی نکاح کی تقریب کے لیے ڈیزائنر ہانیہ کامران کے تیار کردہ لباس کا انتخاب کیا تھا اور اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

قبل ازیں انہوں نے اپنے مہندی لگے ہاتھوں کی تصاویر بھی شیئر کی جس میں وہ انتہائی سادہ لباس میں موجود ہیں۔

جس کے بعد انہوں نے اپنی مہندی کی تقریب کی تصاویر بھی جاری کی تھیں جس میں صرحا اصغر نے تقریب کی مناسبت سے لباس زیب تن کیا تھا۔

تاہم صرحا اصغر نے اپنی مختلف تصاویر اور ویڈیوز تو شیئر کیں مگر انہوں نے ابتدائی طور پر اپنے شوہر کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تھا اور نہ ہی ان کی تصویر شیئر کی تھی۔

بعدازاں صرحا اصغر نے اپنے شوہر عمر کے ساتھ بھی تصویر شیئر کی جس میں اداکارہ کے شوہر نے بھی سیاہ رنگ کا لباس اور میرون رنگ کی واسکٹ پہنی ہوئی ہے۔

ان کے شوہر عمر جن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ لالہ عمر کے نام سے ہے انہوں نے بھی صرحا اصغر کے ساتھ تصویر شیئر کی۔

مداحوں کی جانب سے اداکارہ کی زندگی کے نئے سفر پر نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے.

خیال رہے کہ صرحا اصغر نے 2015 میں شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 'کھوٹ' میں اداکاری کی تھی۔

صرحا اصغر نے رواں برس ڈراما 'پیار کے صدقے' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بلال عباس خان کی بہن کا کردار بھی ادا کیا تھا جس سے ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔

Read Comments